اسلام آباد ہائیکورٹ: خرد برد کیس کیلئے تشکیل دیا گیا بینچ ٹوٹ گیا

0 minutes, 0 seconds Read

اسلام آباد کے سیکٹر E-11 زمین خرد برد کے معاملے پر نیب تحقیقات کے خلاف کیس کی سماعت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں تشکیل دیا گیا ڈویژنل بینچ تحلیل ہوگیا۔ بینچ کے رکن جسٹس انعام امین منہاس نے کیس سننے سے معذرت کرلی۔

ذرائع کے مطابق جسٹس انعام امین منہاس ماضی میں اس مقدمے کے درخواست گزار کے وکیل رہ چکے ہیں، جس بناء پر انہوں نے مفاد کے ٹکراؤ سے بچنے کے لیے خود کو سماعت سے علیحدہ کرلیا۔ کیس کی سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل بینچ نے کرنی تھی۔

بینچ ٹوٹنے کے بعد کیس کی فائل نیا بینچ تشکیل دینے کے لیے قائم مقام چیف جسٹس کو بھجوا دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ نیب نے اس کیس میں زمین خرد برد کے الزامات پر ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر رکھا ہے۔

نئے بینچ کی تشکیل کے بعد کیس کی سماعت دوبارہ مقرر کی جائے گی۔

Similar Posts