اسرائیل میں زخمیوں کی تعداد 1900 سے تجاوز، حزب اللہ کے حملے میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک

0 minutes, 0 seconds Read
اسرائیلی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 1900 سے زائد زخمی افراد اسرائیل کے مختلف اسپتالوں میں لائے جا چکے ہیں۔

وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 157 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 13 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 112 زخمی اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

اسرائیلی ریسکیو سروسز کے مطابق ایران کی جانب سے تل ابیب پر کیے گئے تازہ میزائل حملے میں 6 افراد زخمی ہوئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وسطی اسرائیل میں ایک درجن سے زائد مقامات پر میزائل یا اس کے ٹکڑے گرنے کی اطلاعات ملی ہیں۔ حکام کے مطابق مختلف مقامات پر ہونے والے دھماکوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ ممکنہ طور پر ایرانی بیلسٹک میزائل میں کلسٹر بم وارہیڈ نصب تھا۔

دوسری جانب جنوبی لبنان میں لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے حملے میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سارجنٹ فرسٹ کلاس ماہر خطار شامل ہیں جبکہ دوسرے فوجی کا نام بعد میں جاری کیا جائے گا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جنوبی لبنان میں ایک فوجی چوکی کے قریب پیش آیا جو اسرائیلی سرحدی بستی منارا کے سامنے واقع ہے۔

ابتدائی فوجی تحقیقات کے مطابق علاقے میں کارروائی کے دوران ایک پیوما بکتر بند گاڑی کو نکالنے کے لیے فوج نے ایک اور پیوما گاڑی اور دو ڈی 9 بکتر بند بلڈوزر بھیجے تھے۔

فوج کے مطابق بلڈوزروں میں سے ایک کو ایک گولہ لگا جو ممکنہ طور پر اینٹی ٹینک میزائل یا مارٹر تھا، جس کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی اور دونوں فوجی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک افسر معمولی زخمی ہوا۔

Similar Posts