پاکستان خطے میں اسپورٹس ڈپلومیسی کو فروغ دینے کیلیے اقدامات کر رہا ہے، عطاء تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں اسپورٹس ڈپلومیسی کو فروغ دینے کیلیے اقدامات کر رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے سری لنکا کے نائب وزیر برائے امور نوجوانان و کھیل سوگاتھ تھلا کراتھنے کی ملاقات ہوئی۔

سری لنکا کے ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل فریڈ سینویراتھنے، ڈپٹی ہائی کمشنر کرسٹی روبن اور منسٹر قونصلر (ڈیفنس) بریگیڈیئر جی اے کے آر گنارتنے بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ملاقات میں کرکٹ کے فروغ، کھیلوں میں باہمی تعاون اور دوطرفہ روابط پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ممالک کی جانب سے کھیلوں کو عوامی سطح پر رابطوں کے فروغ کا موثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے اس شعبہ میں اشتراک عمل کو مزید وسعت دینے پر اتفاق ہوا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات اعتماد، احترام اور مشترکہ اقدار پر قائم ہیں۔

عطاءاللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے میدان میں تعاون نہ صرف نوجوان نسل کو قریب لاتا ہے بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں اسپورٹس ڈپلومیسی کو فروغ دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کھیلوں میں تعاون کے فروغ پر سری لنکا کی حکومت اور قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکن پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے باوجود نائب وزیر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے دیرینہ، دوستانہ اور بااعتماد تعلقات کا واضح مظہر ہے۔

عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ امید ہے یہ دورہ دوطرفہ تعلقات خصوصاً کھیلوں اور نوجوانوں کے شعبے میں نئی راہیں کھولے گا۔

سری لنکا کے وفد نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے سہ ملکی سیریز کے لیے بہترین انتظامات کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز سہ ملکی سیریز میں شریک ٹیموں کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے  کے دوران سری لنکن کرکٹ ٹیم اور سری لنکا کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

 سری لنکا کے وفد نے پاکستان کی میزبانی کے اعلیٰ معیار اور اسپورٹس ڈپلومیسی کے فروغ کے عزم کو سراہا۔ سری لنکن وفد پاکستان میں ہونے والے سہ ملکی سیریز کے میچز بھی دیکھے گا۔

Similar Posts