کراچی کے علاقے عیسیٰ نگری کے قریب ٹرک اور لگژری گاڑی کے درمیان ٹکر کے بعد گاڑی میں سوار مشتعل خاتون نے فائرنگ کر دی۔ پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر فائرنگ کرنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف سرکاری مدعیت میں تھانہ پی آئی بی کالونی میں مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق، خاتون اور ٹرک کے ڈرائیور کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے اور ایک ہی ایف آئی آر میں دونوں کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ خاتون اور ٹرک ڈرائیور دونوں غفلت اور لاپرواہی سے گاڑی چلا رہے تھے۔ ٹرک نے آگے نکلنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں گاڑی کو سائیڈ لگ گئی، جس پر خاتون طیش میں آ گئیں اور پستول نکال کر ہوائی فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق، خاتون نے موقع پر نائن ایم ایم پستول کا لائسنس بھی پیش کیا، تاہم اس کا لائسنس ایکسپائر نکلا۔ خاتون کے اسلحہ لائسنس کی تصدیق کی جا رہی ہے، جسے جعفرآباد بلوچستان سے ایک اسلحہ ڈیلر کے ذریعے حاصل کیا گیا تھا، اور یہ لائسنس آل پاکستان نہیں تھا۔
پولیس کے مطابق خاتون کا عمل دفعہ 337 کی حد تک آتا ہے، اور دونوں کی گاڑیاں ضبط کر لی گئی ہیں۔
پولیس نے خاتون کو وومن تھانے اور ٹرک ڈرائیور کو پی آئی بی پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا ہے، اور اسلحہ لائسنس کے بارے میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔