سنیتا آہوجا نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ازدواجی زندگی اور محبت میں ملنے والی بے وفائی کو تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے اپنی 38 سالہ ازدواجی زندگی اور دباؤ پر کھل کر بات کی۔
ایک سوال کے جواب میں سنیتا نے کہا کہ ’جب کسی شخص سے محبت کی جائے تو دھوکا نہیں دینا چاہیے یہ غلط ہے اور میں اس معاملے میں بہت جذباتی ہوں‘۔
انہوں نے کہا کہ میں گوندا سے آخری سانس تک غیر مشروط محبت کروں گی اور اگر مجھے دھوکا ملا یا جذبات سے کھیلا گیا تب بھی تکلیف برداشت کرلوں گی جبکہ یہ کبھی کبھار ناقابل برداشت ہوجاتی ہے۔
سنیتا نے کہا کہ جب محبت کی جائے تو پھر جذباتی یا جسمانی بے وفائی اور دھوکے بازی نہیں کرنی چاہیے، ہمارے ماں باپ نے تو بے وفائی نہیں سکھائی اور آج کل جو کچھ بھی ہورہا ہے وہ تاریک دور ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک آرٹسٹ اور بالخصوص ہیرو کی بیوی ہونا کوئی آسان کام نہیں، مجھے 38 سال بعد اب یہ بات سمجھ آئی کہ ہیرو کی بیوی کا دل پتھر کا ہونا چاہیے اور جوانی کی طرح جذباتی نہیں ہونا چاہیے کیونکہ اُس وقت محبت ایسی سوار ہوتی ہے کہ کچھ نظر نہیں آتا۔
سنیتا کے مطابق ازدواجی زندگی میں ہم دونوں نے غلطیاں کیں اور پھر عمر کے ساتھ ان پر قابو پالیا، میرا خیال ہے کہ بچوں کے بعد تو خود پر اور بھی زیادہ قابو رکھنا چاہیے۔