برازیل، کوپ 30 موسمیاتی کانفرنس کے مقام پر آتشزدگی

برازیل کے شہر بیلیم میں جاری کوپ 30 موسمیاتی کانفرنس کے مقام پر آتشزدگی کے باعث مندوبین کو دوسری جگہ منتقل کردیا گیا۔

غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بیلیم میں کوپ 30 کے کانفرنس سینٹر میں آگ لگی، جس کے بعد مندوبین کو بحفاظت نکالا گیا اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

برازیل کی وزارت سیاحت نے بتایا کہ کانفرنس سینٹر میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور کسی کو نقصان نہیں پہنچا ہے۔

سیکیورٹی اسٹاف کا کہنا تھا کہ الرٹ عین اس جگہ پر کیا گیا جہاں دنیا بھر سے آئے ہوئے کئی ممالک اور اداروں کے نمائندے موجود تھے، جسے پویلین کہا جاتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مندوبین، مبصرین اور صحافیوں نے اپنے بیگز اور دیگر سامان اٹھایا اور باہر نکل گئے اور پولیس نے آگ کے اطراف قطار بنالیا تاکہ کسی کو قریب جانے سے روکا جائے جبکہ اسی دوران سائرن بھی بج رہے تھے۔

جائے وقوع کی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سابقہ ایئرپورٹ کے مقام پر قائم کانفرنس سینٹر کے اندر سے آگ کے شعلے اور دھواں بلند ہو رہا ہے۔

Similar Posts