اسپین؛ کیتھولک چرچ کے بشپ بچے کیساتھ بدفعلی کے الزام پر مستعفی

ویٹی کن نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ پوپ لیو نے اسپین کے کیتھولک بشپ رافیل زورنوزا کا استعفیٰ قبول کر لیا.

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسپین کے کیتھولک بشپ پر ایک مبینہ جنسی زیادتی کے معاملے میں تفتیش چل رہی تھی۔

اس کیس کی تفتیش میڈرڈ میں ویٹی کن کے سفارت خانے میں قائم چرچ کے خصوصی ٹریبونل کے ذریعے کی جا رہی ہے۔

اُن پر الزام تھا کہ انھوں نے 1990 کی دہائی میں ایک نوعمر لڑکے کے ساتھ بدفعلی کی تھی تاہم وہ ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔

رافیل زورنوزا 2011 سے اسپین کے جنوبی ساحلی علاقے ڈایوسِس آف کادیز و سَیوٹا کی سربراہی کر رہے تھے۔

وہ اسپین کے پہلے کیتھولک بشپ ہیں جن کے خلاف کسی ایسے الزام پر ویٹی کن کی جانب سے سرکاری سطح پر تفتیش کی جا رہی ہے۔

ویٹی کن کی جاری کردہ مختصر پریس ریلیز میں صرف یہ بتایا گیا کہ پوپ لیو نے ان کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے تاہم بیان میں الزامات کا ذکر نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ زورنو‌زا کی عمر 76 برس ہے جو کیتھولک بشپس کی روایتی ریٹائرمنٹ عمر 75 سال سے ایک سال زیادہ ہے۔

 

Similar Posts