سہ ملکی کرکٹ سیریز: پاکستان کی پچز اور موسمی حالات کا اچھی طرح اندازہ ہے، انگلش کپتان

پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلی جانے والی سہ ملکی کرکٹ سیریز کی ٹرافی کی تقریبِ رونمائی منعقد ہو گئی ہے، جس میں تینوں ممالک کے کپتانوں نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران پاکستانی کپتان شاہین آفریدی، انگلش کپتان ہیری بروک اور سری لنکن کپتان کشال مینڈس نے ٹرافی کے ساتھ رسمی فوٹو شوٹ میں حصہ لیا۔

یہ اہم سہ ملکی ٹورنامنٹ 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور کے تاریخی کرکٹ اسٹیڈیمز میں کھیلا جائے گا، جس کا باقاعدہ آغاز کل 18 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین افتتاحی میچ سے ہو گا۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی آمد نے اس ٹورنامنٹ میں مزید سنسنی پیدا کر دی ہے۔

انگلش ٹیم ہفتے کے روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تربیتی سیشن کے ذریعے مقامی حالات سے آہنگی پیدا کرے گی۔

انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کھیلنے کے لیے ایک بہترین جگہ ہے اور دو مضبوط ٹیموں کے خلاف کھیلنا ان کے لیے انتہائی اہم ثابت ہو گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کی ٹیم یہاں جیتنے کے عزم کے ساتھ آئی ہے، انہیں پاکستان کی پچز اور موسمی حالات کا اچھی طرح اندازہ ہے اور یہ سیریز ان کے لیے ایک نیا چیلنج ہو گی۔

دوسری جانب راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ ان کی ٹیم کی تمام تر توجہ آئندہ برس منعقد ہونے والے ورلڈ کپ پر مرکوز ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سہ ملکی سیریز کے ذریعے ورلڈ کپ کے لیے ایک مضبوط اور متوازن ٹیم کمبی نیشن تشکیل دیا جا رہا ہے، جس سے کھلاڑیوں کی کارکردگی اور تیاریوں کو پرکھنے کا بہترین موقع ملے گا۔

اس ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا دوسرا میچ 20 اکتوبر کو راولپنڈی میں ہی انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا، جسے سیریز کے سب سے اہم مقابلے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

راولپنڈی اور لاہور کے درمیان کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ کا فائنل معرکہ 31 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہو گا، جہاں سیریز کی دو بہترین ٹیمیں ٹرافی کے حصول کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔

Related posts