ہری پور، ضمنی انتخابات کے موقع پر شہر میں اسلحہ کی نمائش پر دفعہ 144 نافذ

ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم خان نے شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اسلحے کی کھلے عام نمائش پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

ڈی سی نے واضح کیا کہ اب کوئی بھی شخص اسلحہ لے کر عوامی مقامات پر نہیں گھوم سکتا، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

حلقہ این اے 18 کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ہری پور کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے الیکشن کے پُرامن انعقاد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر لیے ہیں۔

ڈی سی نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے، اس سلسلے میں متعدد سیکیورٹی اقدامات نافذ کیے جا چکے ہیں جبکہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز الیکشن انتظامات کی نگرانی کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں۔

وسیم خان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیس، انتظامیہ اور الیکشن عملے سے بھرپور تعاون کریں تاکہ انتخابی عمل بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل ہوسکے۔

Similar Posts