کراچی، عالمی ڈیجیٹل دنیا تک رسائی میں بڑا قدم، جدید سیب میرین کیبل ہاکس بے پہنچ گئی

پاکستان کی ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا گیا ہے۔

جدید ترین عالمی سب میرین کیبل سی می وی 6 (SE-ME-WE 6) کراچی کے ساحل ہاکس بے پر کامیابی سے پہنچا دی گئی ہے، جس کے ساتھ ہی پاکستان کا دنیا سے ہائی اسپیڈ ڈیٹا رابطہ مزید مستحکم ہونے جا رہا ہے۔

ہاکس بے پر سب میرین کیبل کی لینڈنگ کے موقع پر خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں وفاقی سیکرٹری آئی ٹی زرار احمد خان نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں تکنیکی ماہرین اور متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

وزارتِ آئی ٹی کے ترجمان کے مطابق یہ کیبل 21 ہزار 700 کلومیٹر پر محیط ہے جو سنگاپور سے اپنا سفر شروع کرتی ہے اور فرانس تک جاتی ہے، جب کہ اس عالمی نیٹ ورک میں کراچی ایک اہم اسٹریٹجک پوائنٹ کے طور پر شامل ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سی می وی 6 کی آمد سے پاکستان نہ صرف دنیا کے متعدد ممالک کے ساتھ تیز رفتار اور زیادہ محفوظ ڈیٹا کنیکٹیویٹی حاصل کرے گا بلکہ انٹرنیٹ کے معیار، رفتار اور بین الاقوامی ڈیٹا روٹس کی استعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔

Similar Posts