بھارتی فوج نے بٹل سیکٹر کی 2 پوسٹوں پر گھٹنے ٹیک دیے، سفید جھنڈا لہرا دیا

0 minutes, 1 second Read

لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جارحیت کے جواب میں پاک فوج کی مؤثر اور بھرپور کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سانگھڑ پوسٹ (چری کوٹ سیکٹر) سمیت کئی مقامات پر بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کر لی۔

بھارتی فوج نے بٹل سیکٹر کی 2 پوسٹوں پر گھٹنے ٹیک دیے

بھارت کے بزدلانہ حملے کے جواب میں بھارتی فورسز کے خلاف پاک فوج کی جوابی کارروائیاں جاری ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی بٹل سیکٹر کے سامنے 2 پوسٹوں پر گھٹنے ٹیک دیے اور جوابی کارروائی کے بعد بھارتی فوج نے دونوں پوسٹوں پر سفید جھنڈا لہرا دیا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایل او سی پر دھرمسال پوسٹ 1 اور 2 بالمقابل بٹل سیکٹر میں بھارتی فوج نے گھٹنے ٹیکے۔

سکیورٹی ذرائع نے کے مطابق بھارتی فوج کا سفید جھنڈا لہرانے کا مطلب شکست تسلیم کرنا ہے، بھارتی فوجی کی بزدلانہ کارروائیوں کا پاک فوج مؤثر اور بھرپور جواب دے رہی ہے۔

پاک فوج نے کوٹ کٹھیرہ کوٹلی سیکٹر میں بھارتی پوسٹ تباہ کردی

بھارت کے بزدلانہ حملے کے جواب میں لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی بھارتی جارحیت کے خلاف بھرپور جوابی کارروائیاں جاری ہیں۔

پاک فوج نے ایل او سی پر بھارتی فوج کی مزید 2 پوسٹس کو تباہ کیا، ایل او سی پر کوٹ کٹھیرہ کوٹلی سیکٹر میں بھارتی پوسٹ تباہ کردی گئی جبکہ پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی گول ٹیکری پوسٹ بھی تباہ کی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق فوٹیج میں پوسٹ کے تباہ ہونے کے بعد دھواں نکلنے کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں، بھارتی جارحیت کا جواب پاک فوج بھرپور طریقے سے دے رہی ہیں۔

بھارتی فوج وادی لیپہ ، چورا کمپلیکس اور چکوٹھی سیکٹر میں سفید جھنڈا لہرادیا

اس سے قبل بھی بھارتی فوج نے وادی لیپہ ، چورا کمپلیکس اور چکوٹھی سیکٹر میں سفید جھنڈا لہرایا تھا، جسے جنگی اصولوں کے تحت شکست تسلیم کرنے کے مترادف قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان آرمی کی مؤثر جوابی کارروائیوں کے نتیجے میں دشمن کو شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

پاک فوج نے چری کوٹ کے بلمقابل جبڑی پوسٹ کو تباہ کردیا

لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی بھارتی جارحیت کے خلاف بھرپور جوابی کارروائیاں جاری ہیں، پاک فوج نے چری کوٹ کے بلمقابل جبڑی پوسٹ کو تباہ کردیا جس کے بعد پوری پوسٹ آگ کی لپیٹ میں آگئی اور بھارتی فوج کے جوان بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔

پونچھ سیکٹر میں ہیڈ کوارٹر 93 بریگیڈ کی تباہی کی فوٹیج بھی منظرعام پر

پونچھ سیکٹر میں ہیڈ کوارٹر 93 بریگیڈ کی تباہی کی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی۔ اس سے قبل 12 بریگیڈ اڑی سیکٹر میں بھی بھارتی فوج کو منہ کی کھانی پڑی تھی۔ پاک فوج نے مندل سکیٹر میں سری ٹاپ پر بھارتی پوسٹ کو بھی تباہ کر ڈالا۔

کوٹ کٹھیرا سیکٹر (ضلع کوٹلی) میں واقع بھارتی پوسٹ ’سرلیا-1‘ کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پوسٹ مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ بٹل سیکٹر میں بھارتی افواج کی ’دھرمسل-1‘ اور ’دھرمسل-2‘ پوسٹیں بھی تباہ کر دی گئیں، جب کہ نیزہ پیر سیکٹر میں بھارتی فوج کی ’شاہپور-3‘ پوسٹ کو بھی مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

دشمن کی مشہور ”خاکی ٹیکری“ پوسٹ کو بھی مکمل طور پر تباہ کیا گیا اور اس مقام سے دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔ ذرائع کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران دشمن کو شدید نفسیاتی دباؤ کا بھی سامنا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج دشمن کی ہر جارحیت کا مؤثر اور بروقت جواب دے رہی ہے۔ لائن آف کنٹرول پر دشمن کی کسی بھی حرکت کو فوری طور پر روکا جا رہا ہے، اور ہر محاذ پر پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کا بھرپور دفاع کیا جا رہا ہے۔

پاک فوج کے ذمہ دار افسران نے واضح کیا ہے کہ بھارت کی کسی بھی جارحانہ کارروائی کا جواب اسی کی زبان میں دیا جائے گا، اور ملکی سرحدوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Similar Posts