پاکستان اور بھارت میں بڑھتی کشیدگی: وزیر داخلہ سے قائم مقام امریکی سفیر کی ملاقات

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان اور بھارت کے مابین صورت حال کشیدہ ہے اور اسی دوران وزیر داخلہ سے قائم مقام امریکی سفیر نے ملاقات کی ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر کی ملاقات کے موقع پر امریکہ کے پولیٹیکل قونصلر زیک ہارکن رائیڈر اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری بھی موجود تھے۔

اہم ملاقات میں بھارت کے حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قائم مقام امریکی سفیر کو بھارتی حملے سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے بریف کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ بھارت نے جنوبی ایشیا کے امن کو داو پر لگا دیا ہے اور بھارتی جارحیت کے نتیجے میں علاقائی امن تار تار ہوگیا ہے، بھارت نے شہریوں کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین کو پامال کیا۔

وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا پاکستان نے دفاع وطن کے لیے دشمن کو بھرپور جواب دیا، پاکستان نے ابھی انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا، لیکن ہم اپنی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ بھارت کے خطرناک عزائم سے پہلے ہی دوست ممالک کو آگاہ کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ رات، اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا۔

بھارتی حملے کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے مارے گرائے، جب کہ ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا، بھارتی فوج نے ایل اوسی کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈ الہرا کر شکست تسلیم کرلی تھی۔

وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے صبح سویرے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرلی ہے، پاک فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر دشمن کی پوسٹوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے، پاکستان کے مؤثر جواب کے بعد بھارت کی متعدد پوسٹیں تباہ ہوئیں جبکہ پاکستان نے بھارت کے 5 لڑاکا طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا۔

اس کے علاوہ پاک فوج کی جوابی کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور دشمن کو بھاری نقصان پہنچنے کی مسلسل اطلاعات مل رہی ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ سے اطالوی ہم منصب کی ملاقات

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے اٹلی کے وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی کی ملاقات ہوئی، وزیر داخلہ نے اپنے اطالوی ہم منصب کو گزشتہ رات بھارت کی بزدلانہ کارروائی اورجارحیت کے محرکات سے آگاہ کیا جبکہ دونوں ممالک نے منشیات اور دیگر جرائم کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کیا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی میں کمی لانے کے لیے بامقصد کوششوں کی ضرورت پر زوردیا گیا۔

اطالوی وزیر داخلہ نے 26 شہریوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کی۔

محسن نقوی نے بتایا کہ بھارت نے شہری آبادی کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑائیں، بچوں، خواتین سمیت 26 شہری شہید ہوئے، پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کے 5 لڑاکا طیارے تباہ کیے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پہلے دن سے بھارت کے خطرناک عزائم سے دنیا کو آگاہ کر رہے تھے۔ خطے کی صورتحال کو خراب کرنے کا ذمہ دار بھارت ہے۔

ملاقات میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان تجارتی، سیکیورٹی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگوہوئی اٹلی کے ساتھ سکیورٹی، انسداد منشیات و انسانی اسمگلنگ اور دہشت گردی کے خلاف تعاون مزید مؤثر بنانے پر اتفاق ہوا۔

اطالوی وزیر داخلہ نے انسداد دہشت گری، انسانی سمگلنگ اور انسداد منشیات میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ بارڈر سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اطالوی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان اور اٹلی کے مابین منشیات کی روک تھام کے لیے تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے تیار ہیں، پچھلے سال 3000 سے زائد غیر قانونی انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد اور 500 سہولت کار پکڑے جا چکے ہیں۔

اٹلی کے وزیر داخلہ نے انسانی اسمگلنگ اور منشیات کی روک تھام میں پاکستانی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

Similar Posts