موٹروے ایم ون پر صوابی کے قریب کار بے قابو ہوکر ٹرالر سے ٹکرا گئی، 4 افراد جاں بحق

موٹروے ایم ون پر دریائے ہنڈ کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں ایک مرد، ایک خاتون اور دو بچے جان کی بازی ہار گئے۔

موٹروے پولیس کے مطابق کار کے ڈرائیور کو اونگھ آنے کے باعث گاڑی بے قابو ہوئی اور سامنے چلتے ٹرالر سے ٹکرا گئی۔

ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا کہ حادثہ انتہائی خوفناک تھا، ٹکر لگتے ہی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور گاڑی میں پھنسے شدید زخمی افراد کو نکال کر ابتدائی امداد فراہم کی۔

شدید زخمیوں کو ریسکیو ایمبیولینس کے ذریعے فوری طور پر باچا خان اسپتال مردان منتقل کیا گیا۔

موٹروے پولیس نے حادثے کی وجہ ڈرائیور کو نیند آنا قرار دیا اور اپیل کی کہ ڈرائیونگ کے دوران احتیاط برتیں اور تھکاوٹ کی صورت میں سفر ہرگز نہ کریں۔

Similar Posts