سہ ملکی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سہہ ملکی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ پچ بہترین لگ رہی ہے، اسی لیے انہوں نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، زمبابوے کو ہلکا لینے کا کوئی ارادہ نہیں، میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ گزشتہ میچ میں ٹیم نے ایک مکمل اور متوازن پرفارمنس دی تھی، اور کوشش یہی ہے کہ ایسے کھیل کا تسلسل برقرار رکھا جائے۔
سلمان علی آغا نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ وہ آج اپنی سالگرہ کے دن میدان میں اُتر رہے ہیں، شاید پہلی بار ایسا ہو رہا ہے، مگر ان کا مقصد صرف بہترین کارکردگی دکھانا ہے، چاہے سالگرہ ہو یا نہ ہو۔
زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے کہا کہ ان کی ٹیم کا مقصد ٹورنامنٹ میں ہر بڑی ٹیم کو چیلنج کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے خلاف پہلا میچ بہت اچھا گیا تھا، رضا کے مطابق وہ پہلے بولنگ کرنا چاہتے تھے تاکہ اپنی ٹیم کی صلاحیتوں کو سخت چیلنج کے ذریعے پرکھا جا سکے۔
میچ کے لیے پاکستان نے اپنے اسکواڈ میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، فاسٹ بولر نسیم شاہ اور اسپنر عثمان طارق کو پلیئنگ الیون میں شامل کر لیا گیا جب کہ فاسٹ بولر سلمان مرزا اور اسپنر ابرار احمد کو زمبابوے کے خلاف میچ میں آرام دیا گیا ہے۔
زمبابوے کی پلئینگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے،گریم کریمر کی جگہ ویلنگٹن مساکادزا کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
پاکستان ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کررہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب، بابر اعظم، صاحب زادہ فرحان اور عثمان خان ٹیم میں شامل ہیں، فخر زمان، محمد نواز، فہیم اشرف، وسیم جونیئر، عثمان طارق اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
زمبابوے کی پلیئنگ الیوں
زمبابوے کی ٹیم میں برائن بینیٹ، تادیواناشے مارومانی، برینڈن ٹیلر (وکٹ کیپر)، رائن برل، سکندر رضا (کپتان)، ٹونی منیوونگا، تشنگا موسی کیوا، بریڈ ایونز، تینوتینڈا میپوسا، رچرڈ نگراوا، ویلنگٹن ماساکادزا شامل ہیں۔
یاد رہے کہ سہہ ملکی سیریز کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ گزشتہ روز سری لنکا کو 7 وکٹوں سے ہرایا تھا۔
پاکستان اور زمبابوے 22 مرتبہ ٹی20 انٹرنیشنل میں آمنے سامنے آئے، جس میں پاکستان نے 19 میچ جیتے جب کہ زمبابوے کو صرف 3 کامیابیاں حاصل ہوئیں۔
پاکستان حالیہ ٹی20 سیریز میں جنوبی افریقا کے خلاف فتح اور ٹرائی سیریز میں زمبابوے اور سری لنکا پر مسلسل جیت کے بعد اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھنا چاہے گا۔
زمبابوے کو سری لنکا پر حالیہ فتح سے حوصلہ ملا ہے تاہم اس سے قبل افغانستان اور پاکستان کے خلاف انہیں شکست کا سامنا رہا۔