قومی کرکٹ ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں حصہ لے گی لیکن بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی جس کا اعلان حکومتِ پاکستان نے گزشتہ روز کیا۔ پاکستان کا بھارت کے خلاف میچ سری لنکا کے شہر کولمبو میں 15 فروری کو شیڈول ہے، تاہم پاکستان کے بائیکاٹ کے باوجود بھارتی ٹیم کو آئی سی سی کے پروٹوکول کے مطابق شیڈول کے مطابق وہاں موجود ہونا ہوگا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے پر پاکستان اس میچ کے 2 پوائنٹس سے محروم رہ جائے گا جبکہ وہ 2 پوائنٹس بھارت کے حصے میں چلے جائیں گے۔
لیکن اگر بھارت کو پاکستان کے بائیکاٹ کی صورت میں 2 پوائنٹس حاصل کرنے ہیں تو ضروری ہے کہ بھارتی ٹیم آئی سی سی کے پروٹوکول کو فالو کرتے ہوئے جہاں میچ کھیلا جانا تھا وہاں وقت پر موجود ہو اور شیڈول کے مطابق تمام تیاری کرے اور میدان میں پاکستان ٹیم کا انتظار کرے۔
اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈین ٹیم آئی سی سی پروٹوکول کو فالو کرے گی اور 15 فروری کو سری لنکا میں شیڈول کے مطابق پریکٹس کرے گی، پریس کانفرنس کرے گی اور اسٹیڈیم وقت پر پہنچے گی۔
بھارت کی ٹیم 15 فروری کو پریکٹس کرے گی، پریس کانفرنس کرے گی اور اسٹیڈیم میں وقت پر پہنچے گی تاکہ میچ ریفری کے فیصلے کا انتظار کیا جا سکے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق، آئی سی سی قوانین کے مطابق اگر پاکستان میچ کے دن میدان میں موجود نہ ہوا تو میچ آفیشلی طور پر منسوخ کر دیا جائے گا اور بھارت کو 2 پوائنٹس ملیں گے۔ پاکستان کے بائیکاٹ کی وجہ سے وہ یہ پوائنٹس حاصل نہیں کرے گا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 7 فروری سے شروع ہوگا۔ پاکستان کے گروپ میں بھارت کے علاوہ نمیبیا، نیدرلینڈز، امریکا ہیں۔