کراچی؛ بھتہ مافیا گروپ کے 3کارندے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار

رینجرز اور ایس آئی یو کی پولیس پارٹی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مبینہ مقابلے کے بعد 3 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان کا تعلق جمیل چھانگا گروپ سے ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز اور اسپیشل انویسٹی گیشن کی پولیس پارٹی نے اتوار کو دیر رات گارڈن کے علاقے کشتی مسجد کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد 3 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت 25 سالہ سید باسط حسین عرف شاہ رخ ولد سجاد حسین، 22 سالہ محمد طحہٰ عرف مایا ولد غلام رسول اور 27 سالہ عبدالصمد ولد سکندر علی کے ناموں سے کی گئی۔

گرفتار ملزمان کا تعلق بھتہ مافیا اور منشیات فروش جمیل چھانگا، وصی اللہ لاکھو اور عبدالصمد کاٹھیا واڑی گروپ سے ہے۔

زخمی حالت میں گرفتار ملزمان نجی بلڈرز، میڈیکل اسٹورز، ریسٹورینٹس، کاسمیٹکس شاپس، تاجروں اور دیگر کاروبای و سرمایہ داروں کی ریکی کرکے ان کی معلومات بھتہ مافیا کے سرغنہ کو فراہم کرتے تھے۔ بعدازاں بھتہ مافیا کے سرغنہ دھمکاں دیکر ان سے بھتہ وصول کرتے ہیں۔

گرفتار ملزمان اور ان کے دیگر ساتھی نیو کراچی میں گتا فیکٹری، کاسمیٹکس شاپ اور ناظم آباد کے ریسٹورینٹ سے بھتہ نہ ملنے کی صورت میں فائرنگ کرنے میں بھی ملوث ہیں۔

ملزمان کو سی سی ٹی فوٹیج میں بھی واضح دیکھا گیا ہے۔ گرفتار ملزم سید باسط حسین عادی مجرم ہے اور اس سے قبل بھی گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے، گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Similar Posts