وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس: جناح میڈیکل کمپلیکس پر کام تیز کرنے کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس کے بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں انہیں اسپتال کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے مختلف مراحل میں تکنیکی تعاون فراہم کرنے پر آغا خان فاؤنڈیشن سے اظہار تشکر کیا۔

انہوں نے ہدایت دی کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے علاج و معالجے کے تمام مجوزہ مراکز پر کام تیز کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے عنقریب مکمل ہوگا، یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ اس پورے خطے میں صحت کے شعبے کا ایک مثالی منصوبہ ہوگا۔

وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ جناح میڈیکل کمپلیکس میں نہ صرف طبی خدمات بلکہ بین الاقوامی معیار کی طبی تربیت، تعلیم اور تحقیق کے لیے درکار سہولیات کی فراہمی پر کام تیزی سے جاری ہے، جناح میڈیکل کمپلیکس کو عالمی معیار کے مطابق لانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تحقیق اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور روبوٹکس کا استعمال کیا جائے گا۔

اجلاس میں جے ایم سی کے بورڈ نے جناح میڈیکل کمپلیکس کے منصوبے کی تعمیر کے تمام مراحل میں وزیراعظم کی جانب سے مسلسل تعاون اور رہنمائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

دریں اثنا اجلاس میں بورڈ کے ارکان اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

Similar Posts