کراچی، لانڈھی اور ملیر میں آگ کے دو بڑے واقعات، بھاری مالیت کا سامان جل کر راکھ

شہر قائد کے علاقے لانڈھی 89 لکڑی کے گودام اور ملیر راشدی گوٹھ میں بیٹری کی دکان میں آتش زدگی کے باعث بھاری مالیت کی لکٹری ، بیٹریاں اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا، آتش زدگی کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے دو مختلف مقامات لانڈھی 89 میں لکڑی کے گودام اور ملیر راشدی گوٹھ میں بیٹری کی دکان میں آگ لگنے کی اطلاع پر فائربریگیڈ کی گاڑیاں روانہ کر دی گئیں۔

ترجمان فائربریگیڈ کے مطابق لانڈھی 8  پی ایس او پمپ کے قریب لکڑی کے گودام میں لگنے والی آگ پر فائربریگیڈ کی 5 گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا۔

فائربریگیڈ حکام کے مطابق ابتدائی طور پر دو فائرٹینڈر کی مدد سے آگ بجھانے کی کوشش کی گئی تاہم آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مزید تین فائرٹینڈر اور واٹر کارپوریشن سے واٹر ٹینکر طلب کر لیے گئے تاکہ پانی کی کمی کی وجہ سے آگ زیادہ نہ پھیل جائے۔

فائرفائٹرز نے ابتدائی طور پر آگ کو کنٹرول میں کیا تاکہ اطراف کی رہائشی مکانوں کو بچایا جا سکے بعد ازاں آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا۔

آتش زدگی کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم مالی نقصان کا فوری طور پر اندازہ نہیں لگایا جا سکے۔ 

آتش زدگی کے باعث بھاری مالیت کی لکڑی اور دیگر قیمتی سامان مکمل طور پر جل گیا تھا ، فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ 

علاقہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے ، دوسری جانب ملیر راشدی گوٹھ میں بیٹری کی دکان میں آگ لگنے والی آگ پر بھی ایک گاڑی کی مدد سے آدھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا۔ 

آتش زدگی کے باعث دکان میں موجود تمام بیٹریاں اور دیگر سامان مکمل طور پر جل گیا ، آتش زدگی کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ، ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے ۔

Similar Posts