افریقی حریف کے ہاتھوں ایک اور شکست فائنل کی دوڑ سے باہر کردے گی، ٹرافی میچ کیلیے اسے دیگر دونوں لیگ میچز جیتنا ہوں گے۔
دوسری جانب زمبابوین ٹیم کو فائنل کا ٹکٹ کٹوانے کیلیے اپنے آخری مقابلے میں فتح درکار ہے، کپتان سکندر رضا نے ٹیم کو اہم معرکے کیلیے پھر سے صف آرا ہونے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم اتوار کی شب زمبابوے کو مات دے کر ٹرائنگولر ٹی 20 سیریز کے فائنل میں سیٹ بک کراچکی ہے ، زمبابوے نے اپنے گزشتہ لیگ میچ میں سری لنکا کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 2 قیمتی پوائنٹس حاصل کیے۔
اس کا مقابلہ اب آج شب ایک بار پھر آئی لینڈرز سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پرہوگا، ایک اور کامیابی زمبابوین ٹیم کو پاکستان کے ساتھ فائنل کھیلنے کا پروانہ تھما دے گی۔
گرین شرٹس کے ہاتھوں مات کے بعد بشت چیت میں کپتان سکندر رضا کا کہنا تھا کہ ہمیں سری لنکا کے ساتھ مقابلے کیلیے ری گروپ ہونا ہوگا، ہمیں بطور پلیئر خود احتسابی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسپن بولنگ کو کھیل سکتے ہیں، ہمیں مشکل صورتحال میں ایک دوسرے کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب سری لنکا کو اب تک سیریز میں کھیلے گئے اپنے دونوں میچز میں زمبابوے اور پاکستان سے شکست ہوچکی اور اب ان دونوں ہی ٹیموں کے ساتھ ایک ایک میچ باقی ہے۔
فائنل کھیلنے کیلیے آئی لینڈرز کو دونوں میچز جیتنا ہوں گے، منگل کے مقابلے میں شکست اسے فائنل کی دوڑ سے باہر کردے گی۔
گزشتہ 5 باہمی میچز میں سے 3 میں سری لنکا اور 2 میں زمبابوے نے کامیابی حاصل کی، بیٹرز میں سری لنکا کی جانب سے پاتھم نسانکا اور کوشل پریرا جبکہ زمبابوے کے برین بینیٹ اور سکندر رضا توقعات کا محور ہوں گے۔
بولنگ میں آئی لینڈرز کو دشمانتھا چمیرا اور وانندو ہسارنگا سے امیدیں ہوں گی، زمبابوین سائیڈ کا انحصار بریڈ ایوانز اور رچرڈ نگاراوا پر ہوگا ۔