حیدرآباد، رات 12 بجے کے بعد کھلے رہنے والے شادی ہالز کے خلاف کریک ڈاؤن، دو ہالز سیل

شہر میں شادی ہالز اور بینکوئیٹ کے رات 12 بجے کے بعد کھلے رہنے پر پابندی کے باوجود خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے، جس پر ضلعی انتظامیہ نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے متعدد شادی ہالز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔

تعلقہ لطیف آباد میں انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے رات دیر تک کھلے رہنے والے 2 شادی ہالز کو سیل کردیا۔

انتظامیہ کے مطابق ہالز کی لائٹس بند کرکے پوشیدہ طور پر تقریبات جاری رکھی گئی تھیں، جس پر موقع پر موجود مہمانوں کو باہر نکال کر دونوں ہالز کو سیل کیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ شہر بھر کے تمام شادی ہال مالکان کو رات 12 بجے تک تقریبات ختم کرنے کا پابند کیا گیا ہے، جبکہ اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے مالکان کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں اور شادی ہال مالکان کو جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرنا ہوگا، خلاف ورزی کی صورت میں مزید سیلنگ اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Similar Posts