امریکی قونصل جنرل اوور 40 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا میچ دیکھنے نیشنل اسٹیڈیم پہنچ گئے

کراچی میں امریکا کے قونصل جنرل اوور 40 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا میچ دیکھنے نیشنل بینک اسٹیڈیم پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی قونصل جنرل چارلس گڈمین نے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں جاری اوور 40 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا اور سری لنکا کے درمیان میچ دیکھا۔

سندھ بھر سےانگلش ایکسس پروگرام کے 500 سے زائد طلبا وطالبات بھی میچ سے لطف اندوز ہوئے۔

امریکی قونصل جنرل نے میچ میں فتح کے بعد امریکی ٹیم کو مبارکباد دی اور سری لنکن ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح کے کھیلوں کے مقابلے ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے ساتھ عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں معاون اور مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ کھیلوں میں سرحدوں، ثقافتوں اور قوموں کو جوڑنے کی صلاحیت ہے۔

امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان میں امریکی مشن نوجوانوں کو جوڑنے اور باہمی شراکت داری کو مضبوط کرنے والی سرگرمیوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کپتان محمد فرخ اور نائب کپتان ذیشان محمد کی قیادت میں امریکی ٹیم ملک میں کرکٹ کو فروغ دے رہی ہے۔

ٹیم یو ایس اے کی شرکت امریکا کے میگا ڈیکیڈ آف اسپورٹس کا بھی حصہ ہے، جو 2026 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور 2028 لاس اینجلس اولمپکس کی جانب پیش رفت ہے اور اسی تناظر میں عالمی سطح پر امریکی کرکٹ کی شناخت کو تقویت دے رہی ہے۔

Similar Posts