اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس کی مقدمے کی سماعت کے دوران اچانک طبیعت خراب ہو گئی اور انہیں فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل ڈویژن بینچ میں مقدمات کی سماعت جاری تھی کہ اچانک بینچ کے ایک رکن جسٹس انعام امین منہاس کی طبیعت ناساز ہو گئی اور انہیں سانس لینے میں دقت کا سامنا ہوا۔
جسٹس انعام امین منہاس کو فوری ابتدائی امداد کے لیے ہائی کورٹ کی عمارت میں قائم ڈسپنسری لے جایا گیا جہاں کوئی ڈاکٹر موجود نہیں تھا جس پر ایمبولینس طلب کرکے انہیں فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
نجی اسپتال میں ہائی کورٹ کے جج کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محسن اختر کیانی بھی دیگر ججوں کے ہمراہ اسلام آباد کے نجی اسپتال پہنچے اور جسٹس انعام امین منہاس کی خیریت دریافت کی۔