جینیفر لوپیز سمیت اہم غیر ملکی شخصیات کو بیٹی کی شادی میں بلانے والے ارب پتی کون ہیں؟

اُدے پور میں جگ مندر آئی لینڈ پیلس ایک بار پھر کسی شاہی محل کی طرح روشن ہوا جہاں امریکی فارما صنعت کے معروف نام راما راجو منتینا کی بیٹی نیتر منتینا کی شادی نے عالمی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔ 

دلہن نیتر منتینا اور دولہا ومشی گاد ارجو، جو ’سپر آرڈر‘ نامی فوڈ ڈیلیوری ایپ کے شریک بانی ہیں، کی شادی کو نہ صرف محل کی شاندار عمارت نے مزید یادگار بنایا بلکہ بالی ووڈ اور ہالی ووڈ ستاروں کی پرفارمنس نے بھی محفل میں رنگ بھر دیئے۔

راما راجو منتینا کا تعلق بھارتی ریاست تلنگانہ سے ہے اور وہ امریکی فارماسیوٹیکل انڈسٹری کا ایک نمایاں نام ہیں۔ وہ انجینئس فارماسیوٹیکلز کے چیئرمین اور سی ای او ہیں۔

ان کے اہلخانہ کے مطابق راما راجو نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی سے کمپیوٹر سائنس اور انجینیئرنگ کی ڈگری حاصل کی۔ 1980 کی دہائی میں وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکا گئے اور یونیورسٹی آف میری لینڈ سے کلینیکل فارما کا کورس مکمل کیا۔

ابتدائی طور پر مختلف فارما کمپنیوں میں کام کرنے کے بعد انہوں نے اپنا کاروباری سفر شروع کیا۔ انہوں نے فلوریڈا میں P4 Healthcare میں بطور سی ای او کام کیا اور بعد ازاں ICORE Healthcare کے نام سے اپنی کمپنی قائم کی۔

امریکی میڈیا کے بعض ذرائع راما راجو کو ارب پتی قرار دیتے ہیں، تاہم دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ان کی دولت کھربوں میں بتائی جاتی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے فلوریڈا میں تقریباً 400 کروڑ روپے مالیت کی ایک پراپرٹی خریدی تھی، مگر اس کی آزادانہ تصدیق ممکن نہیں ہوسکی۔

https://www.facebook.com/expressnewspk/videos/%D8%AC%DB%8C%D9%86%DB%8C%D9%81%D8%B1-%D9%84%D9%88%D9%BE%DB%8C%D8%B2-%D8%B3%D9%85%DB%8C%D8%AA-%D8%A7%DB%81%D9%85-%D8%BA%DB%8C%D8%B1%D9%85%D9%84%DA%A9%DB%8C-%D8%B4%D8%AE%D8%B5%DB%8C%D8%A7%D8%AA-%DA%A9%D9%88-%D8%A8%DB%8C%D9%B9%DB%8C-%DA%A9%DB%8C-%D8%B4%D8%A7%D8%AF%DB%8C-%D9%85%DB%8C%DA%BA-%D8%A8%D9%84%D8%A7%D9%86%DB%92-%D9%88%D8%A7%D9%84%DB%92%D8%B1%D8%A7%D9%85%D8%A7-%D8%B1%D8%A7%D8%AC%D9%88-%D9%85%D8%A7%D9%86/1416647426686457/

نیتر اور ومشی کی شادی اُدے پور کے تاریخی جگ مندر محل میں ہوئی جسے 17ویں صدی کی طرز پر خصوصی طور پر ایک لگژری ویڈنگ وینیو کی شکل دی گئی تھی۔

شادی کی تقریبات کا آغاز 21 نومبر کو سنگیت نائٹ سے ہوا جس میں بالی ووڈ کے معروف اداکاروں ورون دھون، جھانوی کپور، رنویر سنگھ اور شاہد کپور نے پرفارم کیا۔ مہندی کی تقریب میں مادھوری ڈکشٹ اور نورا فتیحی نے رقص پیش کیا، جبکہ مادھوری نے اپنے مشہور گانے ’ڈولا رے‘ پر پرفارم کر کے محفل لوٹ لی۔

شادی کے روز ہالی ووڈ گلوکارہ جینیفر لوپیز نے اسٹیج پر اپنے سپر ہٹ سنگلز گائے جن کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ تقریب میں ٹالی ووڈ کے سپر اسٹار رام چرن نے بھی شرکت کی۔

ہلدی اور مہندی کی دیگر تقریبات تاج جھیل پیلس میں ہوئیں جن میں بالی ووڈ ڈائریکٹر کرن جوہر اور گلوکارہ صوفی چویدری بھی شریک ہوئیں۔

رنویر سنگھ کی پرفارمنس کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر اور ان کی گرل فرینڈ بھی ڈانس فلور پر آگئے، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر خاصی زیرِ بحث رہیں۔

بہت سے صارفین نے لکھا کہ نیتر منتینا کی شادی کی شان و شوکت نے انہیں اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی یاد دلا دی۔ جگ مندر محل اور پچولا جھیل کی روشنیوں میں سجی یہ شادی اُدے پور کی لگژری ویڈنگز کی ایک اور یادگار مثال بن کر سامنے آئی ہے۔
 

Similar Posts