پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ عسکری مشق ‘البطار-II’ کامیابی سے مکمل

پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ عسکری مشق ‘البطار۔II’ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ عسکری مشق کامیابی کے ساتھ ختم ہوگئی، جس سے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون مزید مستحکم ہوا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی افواج کے درمیان مشترکہ فوجی مشق “البطار-II” 18 سے 26 نومبر تک سعودی عرب کے خطے تبوک میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی، جس کا محور انسدادِ دہشت گردی تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ مشق میں پاکستان آرمی کے اسپیشل سروسز گروپ اور سعودی آرمی کے خصوصی دستوں نے حصہ لیا۔

اختتامی تقریب 26 نومبر کو سعودی عرب کے علاقے تبوک میں منعقد ہوئی، تقریب میں پاکستان کی جانب سے جنرل آفیسر کمانڈنگ اسپیشل سروسز گروپ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ سعودی عسکری قیادت کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مشق کے دوران دونوں برادر ممالک کے جوانوں نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، عملی تربیت اور باہمی تعاون کا شان دار مظاہرہ کیا، مشق کے اہم پہلوؤں میں مختلف علاقوں میں جنگ دیسی ساختہ بارودی سرنگوں کا مقابلہ، انسداد دہشت گردی کے مختلف مراحل اور مشترکہ حربی مشقیں شامل تھیں۔

بیان کے مطابق  ٹاسک کو مربوط منصوبہ بندی کے ساتھ عملی جامہ پہنایا گیا،”البطار-II” نے نہ صرف دونوں ممالک کی افواج کی انسداد دہشت گردی کے شعبے میں صلاحیتوں کو مزید نکھارا بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے اور تاریخی عسکری تعلقات کو بھی مزید مضبوط کیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ تمام تربیتی مقاصد کامیابی سے حاصل کیے گئے جو خطے میں امن، سلامتی اور مشترکہ دفاعی تیاری کے لیے دونوں ممالک کے مضبوط عزم کا اظہار ہے۔

Similar Posts