سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم کے بینک لاکرز سے لاکھوں ڈالرز مالیت کا سونا ضبط

بنگلہ دیش میں اینٹی کرپشن حکام نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے بینک لاکرز سے تقریباً 10 کلو سونا ضبط کرلیا۔ حکام کے مطابق ضبط شدہ سونے کی قیمت تقریباً 13 لاکھ ڈالر کے برابر ہے۔

بنگلہ دیش کے نیشنل بورڈ آف ریونیو کے سینٹرل انٹیلی جنس سیل (سی آئی سی) کے حکام نے بتایا کہ یہ سونا ستمبر میں ضبط کیے گئے لاکرز کو عدالتی حکم کے تحت کھولنے کے بعد برآمد ہوا۔

سی آئی سی کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ عدالتی حکم کے بعد ہم نے لاکرز کھولے، جہاں سے سابق وزیرِاعظم کی ملکیت تقریباً 9.7 کلوگرام سونا ملا، جس میں سونے کے سکے، سونے کی اینٹیں اور زیورات شامل تھے۔

تحقیقاتی اداروں کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ نے مبینہ طور پر وزارت عظمیٰ کے دوران تحفے میں ملنے والی کچھ قیمتی اشیا سرکاری خزانے ’’توشہ خانہ‘‘ میں جمع نہیں کرائیں، جو کہ قانون کے تحت ضروری تھا۔

نیشنل بورڈ آف ریونیو ممکنہ طور پر ٹیکس چوری کے معاملات کی بھی تحقیقات کررہا ہے کہ آیا یہ سونا سابق وزیراعظم نے اپنے ٹیکس گوشواروں میں ظاہر کیا تھا یا نہیں۔

واضح رہے کہ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد ملک میں سیاسی کشیدگی جاری ہے جب کہ فروری 2026 میں ہونے والے عام انتخابات کی تیاریاں بھی تناؤ کا شکار ہیں۔

رواں ماہ کے آغاز میں انٹرنیشنل کرائمز ٹربیونل نے طلبہ کی زیر قیادت احتجاج کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کے الزام میں حسینہ واجد کو موت کی سزا سنائی تھی۔

اقوامِ متحدہ کے مطابق اس کریک ڈاؤن میں تقریباً 1400 افراد ہلاک ہوئے جب حسینہ اقتدار پر قابض رہنے کی کوشش کر رہی تھیں۔

Similar Posts