گلگت، کروڑوں مالیت کی اشیا کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام، تمام اشیا ضبط

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے ماتحت ادارے پاکستان کسٹمز نے گلگت بلتستان میں سوست ڈرائی پورٹ اور بیگیج سیکشن میں موبائل فونز، اسلحے کے پرزہ جات، شراب اور سور کے گوشت کی اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی ہے اور 15 کروڑ 77 لاکھ روپے مالیت کی اشیا ضبط کر لی۔

ایف بی آر کے مطابق مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے کسٹمز افسران نے چین سے درآمد کی گئی دو کھیپوں کی مکمل جانچ پڑتال کی اور معائنے کے دوران کسٹمز نے ڈرائی پورٹ سے 59 ہزار نوکیا 105 موبائل فونز بمعہ بیٹری، 5 ہزار 207 ادویات کے پیکٹ (وزن 318 کلوگرام)، تین ہزار (Sildenafil Citrate ) گولیاں اور اسلحے کے مختلف پرزہ جات برآمد ہوئے۔

بیگیج سیکشن میں ایک اور کارروائی کے دوران کسٹمز اہلکاروں نے 80 بوتلیں (کل20 لیٹر) شراب اور 40 کلوگرام سور کا گوشت قبضے میں لے لیا، جو خنجراب پاس کے ذریعے پاکستان کی درآمدی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لایا جا رہا تھا۔

ایف بی آر نے بتایا کہ کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت تحویل میں لیے گئے سامان پر عائد ہونے والی ڈیوٹیز اور ٹیکس کی رقم کا تخمینہ 7 کروڑ 85 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، یہ آپریشنز اسمگلنگ کے خاتمے، قومی محصولات کے تحفظ اور ممنوعہ اشیا کی ملک میں داخلے کی روک تھام کے لیے ایف بی آر کے پر عزم ہونے کا مظہر ہیں۔

Similar Posts