نیپال پریمیئر لیگ میں بڑا اسکینڈل، غیر قانونی سٹہ کھیلنے والے 9 بھارتی باشندے گرفتار

کٹھمنڈو میں جاری نیپال پریمیئر لیگ  کے دوران بڑا سٹے بازی اسکینڈل بے نقاب ہوگیا۔ نیپال پولیس کی جانب سے کیے گئے متعدد خفیہ اور اچانک چھاپوں میں 9 بھارتی شہریوں اور ایک نیپالی کو گرفتار کرلیا گیا، جو مبینہ طور پر آن لائن غیر قانونی بیٹنگ نیٹ ورک چلا رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق گرفتار بھارتی باشندے ریاست آندھرا پردیش سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کی عمریں 19 سے 35 سال کے درمیان ہیں۔ 

پولیس نے سمکھوسی، کٹھمنڈو میں ایک کرائے کے مکان پر چھاپہ مار کر آٹھ افراد کو رنگے ہاتھوں پکڑا جہاں سے 15 موبائل فون، ڈیجیٹل ریکارڈز اور بیٹنگ ڈیٹا قبضے میں لیا گیا۔

اس سے ایک روز ایک اور کارروائی میں ایک بھارتی اور ایک نیپالی شہری کو بھی گرفتار کیا گیا جس کے بعد مجموعی تعداد 10 تک پہنچ گئی۔

پولیس ترجمان ایس پی کاجی کمار آچاریا کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گروہ تقریباً 5 لاکھ نیپالی روپے کے حجم سے بیٹنگ کر رہا تھا۔

تاہم دیگر شواہد کے مطابق اس نیٹ ورک کا مالی حجم 2 کروڑ 50 لاکھ روپے (تقریباً 1.75 لاکھ امریکی ڈالر) تک پہنچ سکتا ہے۔

مزید یہ کہ ملزمان کرپٹو کرنسی کے ذریعے بھی غیر قانونی ٹرانزیکشنز میں ملوث پائے گئے ہیں، جس سے اس کیس کی سنگینی مزید بڑھ گئی ہے۔

Similar Posts