وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری ماہانہ اقتصادی اپ ڈیٹ کے مطابق اس دوران درآمدات 9.6 فیصد اضافے سے 20.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جولائی تا اکتوبر کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 73 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 26 فیصد کمی سے 74 کروڑ 77 لاکھ ڈالر رہی، ڈالر گزشتہ سال کے مقابلے 2 روپے 60 پیسے مہنگا ہوا، 27 نومبر کو ڈالر ریٹ 280 روپے 60 پیسے ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں ڈالر ریٹ 278 روپے تھا۔
وزارت خزانہ کے مطابق جولائی تا اکتوبر ٹیکس ریونیو 11.4 فیصد اضافے سے 3834 ارب روپے رہا، نان ٹیکس ریونیو 0.4 فیصد کمی سے 3008 ارب روپے رہا اور اس دوران بجٹ 2119 ارب روپے سرپلس رہا اور پرائمری بیلنس بڑھ کر 3497 ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ میں زرعی شعبے کو 845 ارب روپے کے قرضے ملے جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں زرعی قرضوں میں 18.6 فیصد اضافہ ہوا، اس دوران نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں نمایاں کمی آئی۔
وفاقی وزارت خزانہ کے مطابق جولائی تا ستمبر بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 4.08 فیصد اضافہ ہوا ہے۔