مصر کے وزیرِ خارجہ کا دورہ پاکستان، دو طرفہ تعلقات کے نئے دور کی راہ ہموار

پاکستان کے ڈپٹی وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر عرب جمہوریہ مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی 29 اور 30 نومبر 2025 کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور مصر کے دیرینہ، برادرانہ اور خوشگوار تعلقات کی مضبوطی کا واضح اظہار ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ ایمان، ثقافتی ہم آہنگی اور علاقائی و عالمی معاملات پر یکساں مؤقف کی بنیاد پر استوار ہیں۔ اس دورے سے سیاسی، معاشی، دفاعی، ثقافتی اور عوامی روابط سمیت دو طرفہ تعاون کے تمام شعبوں میں تعلقات کو نئی سمت اور مزید وسعت ملنے کی توقع ہے۔

دورے کے دوران مصری وزیرِ خارجہ کی ڈپٹی وزیراعظم/وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے ون آن ون ملاقات اور وفود کی سطح پر باضابطہ مذاکرات ہوں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ علاقائی و عالمی امور خصوصاً غزہ کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی کا دورہ پاکستان مصر کے ساتھ قریبی اشتراکِ عمل کو مزید مضبوط بنانے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا اور دونوں برادر ممالک کی طویل المدتی شراکت کو مزید تقویت ملے گی۔

Similar Posts