ایکسپریس نیوز کے مطابق چوہنگ پولیس نے شادی کے فنکشن میں سڑک بند کرکے رقص کی محفل سجانے والوں کیخلاف کارروائی کی جس میں دلہا اور خواجہ سراؤں سمیت 32 ملزمان گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایچ او چوہنگ محمد رضا نے بتایا کہ دلہا سمیت دیگر ملزمان کے خلاف لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا، دلہا ابوبکر کی بارات کینسل ہوگئی اور اُس کی رات حوالات میں گزرے گی۔
ایس ایچ او کے مطابق واقعہ کا مقدمہ شادی اور ساؤنڈ ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، جس میں شاہ زیب، رمضان ، احمد وغیرہ سمیت دیگر ملزمان نامزد ہیں۔
یس پی صدر ڈویژن رانا حسین طاہر کے مطابق ملزمان سڑک بند کرکے خواجہ سراؤں کے ساتھ فحش حرکات کررہے تھے، شادی کے فنکشن سے 62500 روپے مالیت کی نقدی بھی برآمد ہوئی جبکہ چھاپے کے بعد شادی کی تقریب منسوخ ہوگئی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ساؤنڈ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور اُن کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔