سیکیورٹی فورسز کا ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، سرغنہ سمیت 9 خوارج ہلاک

0 minutes, 0 seconds Read

ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے سرکردہ خارجی لیڈر شیریں سمیت 9 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 اپریل کی درمیانی شب خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے تکواڑہ میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا، اس دوران سیکیورٹی فورسز نے کامیابی سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کی خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 9 خوارج مارے گئے، آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والوں میں ایک انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ شیرین بھی شامل تھا جبکہ مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خارجی لیڈر شیریں متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا جبکہ وہ متعدد بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے علاوہ 20 مارچ کو شہید ہونے والے کیپٹن حسنین اختر کی شہادت کا ذمہ دار بھی تھا۔

پاک افغان بارڈر سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کرنے والے 8 خوارج دہشت گرد ہلاک

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا ہے کہ آپریشن کے نتیجے میں گھناؤنے فعل کا بدلے لیتے ہوئے مرکزی مجرم کو انصاف کے کٹہرے میں لایا گیا ہے، علاقے میں کسی ممکنہ خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ شام بھی سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں پاک-افغان بارڈر سے خارجیوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا، 4 دہشتگرد زخمی بھی ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا کہ پاکستان مسلسل افغان عبوری حکومت سے موثر بارڈر مینجمنٹ کے لیے کہتا رہا ہے، توقع ہے افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔

Similar Posts