اوپن اے آئی کو عالمی سطح پر تعطل کا سامنا، ہزاروں صارفین کیلیے چیٹ جی پی ٹی سروس ڈاؤن

دنیا بھر میں اوپن اے آئی اور چیٹ جی پی ٹی کی سروس اچانک متاثر ہونے کے باعث لاکھوں صارفین برہمی اور پریشانی کا شکار رہے۔ منگل کی دوپہر 2 بج کر 30 منٹ (امریکی مشرقی وقت) کے بعد عالمی سطح پر صارفین نے سروس تک رسائی میں شدید مشکلات کی شکایات کیں۔

بین الاقوامی ویب سائٹ ڈآن ڈیٹیکٹر پر 39 ہزار سے زائد صارفین نے چیٹ جی پی ٹی استعمال نہ ہونے کی رپورٹ درج کرائی جن میں سے 92 فیصد نے خاص طور پر چیٹ جی پی ٹی تک رسائی میں مسئلے کی نشاندہی کی۔ 7 فیصد صارفین نے اوپن اے آئی کی ویب سائٹ تک رسائی میں مسائل بتائے جبکہ 1 فیصد نے اے پی آئی تک رسائی متاثر ہونے کی شکایت کی۔

صارفین نے سوشل میڈیا پر اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سروس بالکل جواب نہیں دے رہی اور ہمیشہ لوڈنگ پر ہی رہتی ہے۔کچھ صارفین نے شکایت کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا خاص طور پر ان طلبہ کو جو اس پر انحصار کرتے ہیں۔

مسئلہ تقریباً 20 منٹ بعد حل ہونا شروع ہوگیا اور صارفین نے دعویٰ کیا کہ سروس دوبارہ کام کرنے لگی ہے۔

اوپن اے آئی نے اپنی اسٹٹس پیج پر ایک مختصر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی بڑھتے ہوئے ایرر ریٹس کا جائزہ لے رہی ہے۔ تازہ ترین اپ ڈیٹ میں بتایا گیاکہ ہم نے مسئلے کے حل کے لیے اقدامات کرلیے ہیں اور صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

اس سے قبل 2 بج کر 26 منٹ پر اوپن اے آئی نے پہلی بار اعتراف کیا تھا کہ صارفین مختلف سروسز میں غیر معمولی ایررز کا سامنا کر رہے ہیں، کمپنی نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

مختصراً، چند منٹ پر مشتمل یہ عالمی تعطل نہ صرف لاکھوں صارفین کے لیے پریشانی کا باعث بنا بلکہ سوشل میڈیا پر دلچسپ بحث کا موضوع بھی رہا۔

 

Similar Posts