پنجاب میں محفوظ سفر اور محفوظ مستقبل کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق کم عمر ڈرائیورز کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج نہیں کیا جائے گا بلکہ صرف چالان ہوگا، جبکہ ایف آئی آر گاڑی کے مالک کے خلاف درج کی جائے گی۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کا مستقبل محفوظ بنائیں گے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے کمرشل، پبلک سروس اور سرکاری گاڑیوں کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائیوں میں تیزی کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کے نفاذ کے دوران بدسلوکی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ فیلڈ افسران کو ڈیوٹی کے دوران باڈی کیم کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
انہوں نے عوامی آگاہی مہم تیز کرنے کے لیے بینرز، بل بورڈز اور اسٹینڈیز تمام شہروں میں نصب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس نافذ العمل ہے جب کہ سڑکوں پر نظم و ضبط اولین ترجیح ہے اور قانون سب کے لیے برابر ہے۔