آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا دوسرے ایشیز ٹیسٹ میں واپسی کا امکان روشن

آسٹریلوی کپتان و فاسٹ بولر پیٹ کمنز کے دوسرے ایشیز ٹیسٹ میں حیران کن واپسی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف گابا میں ہونے والے ڈے نائٹ ٹیسٹ کے لیے حتمی فیصلہ بدھ کی سہ پہر پچ کا مزید معائنہ کرنے کے بعد کیا جائے گا۔

قائم مقام کپتان اسٹیو اسمتھ نے پریس کانفرنس میں ٹیم کا اعلان نہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ انتخابی عمل ابھی جاری ہے اور کمنز کی کپتان کے طور پر ممکنہ واپسی کے ساتھ ساتھ اسپیشلسٹ اسپنر نیتھن لائن کو باہر بٹھانے کا امکان بھی موجود ہے۔

آسٹریلیا کو انجرڈ اوپنر عثمان خواجہ کا متبادل بھی ڈھونڈنا ہے اور اطلاعات کے مطابق جوش انگلس مڈل آرڈر میں جگہ بنانے کے مضبوط امیدوار ہیں، جبکہ ٹریوس ہیڈ اوپننگ کی ذمہ داری نبھا سکتے ہیں۔

تاہم اسمتھ نے اس فیصلے سے متعلق تصدیق نہیں کی ہے۔

پیٹ کمنز کی شمولیت اس لیے حیران کن ہوگی کیونکہ انہیں انہیں ابتدائی 14 رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا، لیکن وہ پرتھ اور برسبین میں نیٹ سیشنز کے دوران بہترین فارم میں نظر آئے ہیں۔

اسمتھ کے مطابق، کمنز نیٹس میں بہت اچھی بولنگ کر رہے ہیں۔ میچ کی شدت الگ ہوتی ہے لیکن وہ کافی فٹ دکھائی دے رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق کمنز برینڈن ڈوگٹ کی جگہ بھی لے سکتے ہیں، مگر جولائی سے میچ نہ کھیلنے کے باعث ان کے ورک لوڈ مینجمنٹ پر خدشات موجود ہیں۔

اگر آسٹریلیا اسپنر کے بغیر مکمل پیس اٹیک کے ساتھ میدان میں اترتا ہے تو کمنز کا بوجھ کم رکھا جا سکتا ہے، جس سے ان کی واپسی مزید ممکن ہو جاتی ہے۔

Similar Posts