شہر قائد میں آج صبح سن ڈاگ کا دلکش نظارہ کیا گیا۔ سن ڈاگ ایک قدرتی عمل ہوتا ہے جس کو پار ہیلیا بھی کہا جاتا ہے۔ یہ مظہر سورج سے تقریباً 22 ڈگری کے فاصلے پر دِکھائی دیتے ہیں۔
سن ڈاگ ایک قدرتی بصری مشاہدہ ہےجس کے دوران سورج کے اردگررنگ برنگی روشنی اورجھلملاتے دھبے دکھائی دیتے ہیں۔
اوپری فضا (اپر ایٹماسفیئر) کےسرد حصے میں برف کے باریک کرسٹل بننے کےسبب سن ڈاگ کا قدرتی عمل رونما ہوتا ہے۔ سورج کی روشنی کرسٹل پر پڑ کر منعکس ہوتی ہے، جس سے سورج کے دونوں طرف رنگین روشنی کے دھبے دکھائی دیتے ہیں۔
سن ڈاگ کا نظارہ سرد موسم، برفیلی ہواوں کےدوران عموما دکھائی دیتا ہے۔ بسااوقات بدلتے موسم کے دوران سردی کی لہر، بارش یا برف باری بھی سن ڈاگ کا سبب بنتی ہے۔
دنیا کےسرد ممالک کینیڈا، روس، اسکینڈے نیویا میں کثرت سے سن ڈاگ کا مشاہدہ کیا جاتا ہے۔ جبکہ پاکستان میں موسم سرما اورگہرے بادلوں کی موجودگی میں کبھی کبھار یہ نظارہ کیا جا سکتا ہے۔