دوسرے ون ڈے میں کوہلی کی سنچری رائیگاں: جنوبی افریقا کے ہاتھوں بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست

دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقا نے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

رائے پور میں کھیلے گئے 3 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 358 رنز بنائے۔ جس کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم نے 359 رنز کا ہدف 49.2 اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

بھارتی سورما 358 رنز بنا کر بھی ہار گئے، ویرات کوہلی اور رُتوراج گائیکواڈ کی سنچریاں بھی کام نہ آئیں۔ جنوبی افریقا نے پہاڑ جیسا ہدف آخری اوور میں حاصل کرتے ہوئے دوسرا ون ڈے 4 وکٹ سے جیت لیا۔

بھارت کی بیٹنگ

بھارت کی جانب سے رُتوراج گائیکواڈ اور ویرات کوہلی بالترتیب 105 اور 102 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان کے ایل راہول 66 اور رویندر جڈیجا 24 رنز کی ناآؤٹ باری کھیل کر پویلین لوٹے۔

اس کے علاوہ یشسوی جیسوال 28، روہت شرما 14 اور واشنگٹن سندر ایک رن کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو جینسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ لُنگی این گیڈی اور ناندرے برگر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس طرح بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی اور رتوراج گایئکواڈ کی شاندار سنچریوں کی بدولت 358 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا اور جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 359 رنز کا ہدف دیا۔

جنوبی افریقا کی بیٹنگ

جنوبی افریقا نے 359 رنز کے بڑے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کیا اور 6 وکٹوں کے نقصان پر 4 گیندیں قبل ہی فتح اپنے نام کر لی اور 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے ایڈن مارکرم نے شاندار 110 رنز کی اننگز کھیل کر بڑے ٹارگٹ کو آسانی سے حاصل کرنے میں مدد فراہم کی، میتھیو بریٹزکے 68 اور ڈیوالڈ برویس 54 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان ٹمبا باووما 46 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

بھارت کی طرف سے پریساد کرشنا اور ارشدیپ سنگھ نے 2،2، ہرشیت رانا نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

واضح رہے کہ بھارت نے ویرات کوہلی کی ریکارڈ 52ویں ایک روزہ سنچری کی بدولت جنوبی افریقا کو پہلے مقابلے میں 17 رنز سے شکست دی تھی۔

Similar Posts