وفاقی حکومت کی جانب سے ای مارکنگ کے تمام سوفٹ ویئرز سندھ کے حوالے

وفاقی حکومت نے ای مارکنگ کے تمام سوفٹ ویئر سندھ کے تعلیمی بورڈز کے حوالے کردیے جس کے بعد نویں اور گیارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات اب ای مارکنگ پر ہوسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سوفٹ ویئر کی فراہمی کے لیے انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن کا کراچی میں اجلاس ہوا جس میں ملک بھر کے چیئرمینز بورڈز کی شرکت ہوئی۔

ڈائریکٹر ایگزیکٹیو آئی بی سی سی ڈاکٹر ملاح نے بتایا کہ ای مارکنگ کے لیے فیڈرل بورڈ سندھ کے تعلیمی بورڈ کو ٹیکنیکل سپورٹ اور ای مارکنگ سسٹم فراہم کرے گا۔

چیئرمین فیڈرل بورڈ ڈاکٹر اکرام علی نے کہا کہ ای مارکنگ کے تمام سوفٹ ویئر آج وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کو فراہم کررہے ہیں۔ ڈیش بورڈ کے ذریعے ای مارکنگ کی پریزینٹیشن دی گئی۔

وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سندھ نے کہا کہ امتحانات کا شفاف اور موثر نظام اور نتائج کے بروقت اجرا کے لیے ای مارکنگ لارہے ہیں۔ سوالیہ پیپر کی تیاری سے لے کر امتحانات کے انعقاد تک اور پیپر آئوٹ ہونے سے روکنے کے لیے شفاف نظام کی جانب جانا ہے۔

Similar Posts