بھارت کو بڑا جھٹکا: انڈین براہموس انجینیئر پاکستان کیلئے جاسوسی الزام سے بری

بھارت میں ممبئی ہائی کورٹ نے براہموس میزائل ایرو سپیس انجینیئر نشانت اگروال کو پاکستان کیلئے جاسوسی کے الزام سے بری کرتے ہوئے ان کی عمر قید کی سزا کالعدم قرار دے دی۔

عدالت نے قرار دیا کہ استغاثہ یہ ثابت کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا کہ ملزم نے براہموس میزائل کے خفیہ راز پاکستان کو فراہم کیے تھے۔

تاہم عدالت نے نشانت اگروال کو اپنے ذاتی کمپیوٹر پر حساس معلومات رکھنے پر آفیشل سیکرٹس ایکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 3 سال قید کی سزا سنائی، جو وہ پہلے ہی جیل میں کاٹ چکے ہیں۔ اس لیے عدالت نے انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

نشانت اگروال براہموس ایرو اسپیس کے ٹیکنیکل ریسرچ ڈویژن میں چار سال تک سسٹم انجینیئر کے طور پر کام کر چکے ہیں اور مسلح افواج کے لیے 2014 سے 2018 کے دوران 70 سے 80 میزائلوں پر کام کرنے والی ٹیم کا حصہ رہے۔ انہیں نوجوان سائنسدان کے ایوارڈ سمیت کئی اعزازات بھی مل چکے ہیں۔

انہیں 2018 میں انسدادِ دہشتگردی اسکواڈ اور ملٹری انٹیلی جنس نے گرفتار کیا تھا۔ حکام کا دعویٰ تھا کہ ان کے کمپیوٹر سے اہم خفیہ معلومات برآمد ہوئی تھیں اور یہ کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی نے انہیں ایک جعلی خاتون کے ذریعے ورغلا کر ڈیٹا حاصل کیا۔

ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد بھارت کے حساس دفاعی ادارے براہموس ایروسپیس کے سیکیورٹی نظام پر اٹھنے والے سوالات بھی ایک بار پھر زیر بحث آگئے ہیں۔

Similar Posts