پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کا کل سے اسلام آباد میں باقاعدہ آغاز ہوگا، علی پرویز ملک

0 minutes, 0 seconds Read

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان منرلزانویسٹمنٹ فورم کا کل سے اسلام آباد میں باقاعدہ آغاز ہوگا۔ جس کا مقصد پاکستان کے معدنی ذخائرمیں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگرکرنا ہے۔ ہمیں پائیدارمعاشی استحکام کیلئے اپنے معدنی وسائل کو بروئے کار لانا ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نےکہا کہ معدنیات کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے منرلز انویسٹمنٹ فورم اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نےکہا کہ فورم میں پاکستان کے معدنی ذخائرمیں سرمایہ کاری کے مواقع کواجاگرکیا جائے گا۔ منرلزانویسٹمنٹ فورم میں 300 غیرملکی نمائندےشرکت کریں گے، منرلز انویسٹمنٹ فورم کےموقع پر بعض معاہدوں بھی متوقع ہیں۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ فورم میں ریکوڈک سمیت اہم معدنی منصوبوں میں سرمایہ کاری، سکیورٹی اور حکومتی پالیسیوں پر توجہ مرکوز ہوگی۔ فورم میں شرکت کیلئےغیرملکی مہمانوں کی آمد شروع ہو چکی ہے، فورم میں تقریباً 2 ہزار مہمانوں کی شرکت متوقع ہے، سعودی عرب اور چین سے وفود آ رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ترکیہ، آذربائیجان، امریکا سے سینئر حکام کی آمد متوقع ہے، بلوچستان کے ضلع چاغی میں تانبے اور سونے کے ذخائر موجود ہیں۔

اس موقع پر مینجنگ ڈائریکٹر او جی ڈی سی ایل احمد حیات نے کہا کہ منرلزانوسٹمنٹ فورم کا انعقاد اب باقاعدہ سالانہ بنیادوں پر کیا جائے گا تاکہ ملک میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری ہو اورمعیشت کو پروان چڑے ۔ فورم کےموقع پر بعض ذخائرکی دریافت کا اعلان بھی ہوگا۔

مینجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ پاکستان کوخطے میں معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے لیے نیا تجارتی اورمعاشی مرکز قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں منرلز انویسٹمنٹ فورم پاکستان میں معادنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

Similar Posts