رنویر سنگھ نئی مشکل میں! ہندو دیوتا کا مذاق اُڑانے کے الزام پر مقدمہ درج

رشبھ شیٹھی کی نقل اتارنے کے معاملے پر شدید تنقید سے ابھی رنویر سنگھ سنبھلے ہی تھے کہ ایک نیا تنازع کھڑا ہوگیا۔

بنگلور کے ہائی گراؤنڈز پولیس اسٹیشن میں مقامی وکیل پرشانت میتھل نے رنویر سنگھ کے خلاف شکایت درج کرائی ہے کہ اداکار نے ہندوؤں کی مقدس روایت ’بھوتا کولا‘ اور ’دیوا‘ کی توہین کرکے مذہبی جذبات مجروح کیے ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ تاحال اس شکایت کی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے لیکن ہندو انتہاپسندوں کا دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔

مشتعل ہجوم نے تھانے کے گھیراؤ کی کوشش بھی کی جسے پولیس نے بڑی مشکل سے قابو کیا تھا لیکن ہندوتوا کے غنڈے اب بھی موقع کی تاک میں ہیں۔

تاحال رنویر سنگھ نے اس گھمبیر مسئلے پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے اور ان کے وکلا بھی قانونی چارہ جوئی پر ابھی مشاورت ہی کر رہے تھے۔

یاد رہے کہ بھارت کے تفریحی اور سیاحتی شہر گوا میں ہونے والے فلم ایوارڈ شو کی اختتامی تقریب میں رنویر سنگھ نے فلم میکر رشبھ شیٹھی کے کنتارا والے کردار کی نقل کی تھی۔

جس پر ایک نیا ہنگامہ کھڑا ہوگیا تھا اور اداکار رنویر سنگھ  کو کڑی تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔ یہ معاملہ اتنا بڑھا تھا کہ رنویر کو سوشل میڈیا پر وضاحت دینا پڑی تھی۔

اداکار نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کہا تھا کہ بھائیو اور بہنو! میرا مقصد صرف رشبھ شیٹھی کی پرفارمنس کو سراہنا تھا۔ کسی روایت، ثقافت یا عقیدے کی توہین کا سوال ہی نہیں۔

مگر غصے کی لہر ٹھنڈی نہ ہوسکی۔ ہندو جنا جاگرتی سمیتی نے پولیس میں شکایت رج کرائی کہ رنویر نے پرفارمنس کے دوران دیوی چمنڈا کی توہین کی ہے۔

اس طرح رنویر سنگھ ایک تقریب کی پرفارمنس کے بعد سے دو ریاستوں میں الگ الگ مقدمات میں نامزد ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ جہاں رنویر سنگھ پر یکے بعد دیگرے مقدمات بن رہے ہیں وہیں اداکار اپنی نئی فلم ’دھورندھر‘ کی پروموشنز میں مصروف ہیں جو آج ریلیز ہوگئی۔

 

Similar Posts