تھائی لینڈ کے کمبوڈیا پر فضائی حملے، ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات لگا دیے

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کرگئی ہے۔ تھائی لینڈ نے پیر کے روز کمبوڈیا سے متصل متنازع سرحد پر فضائی حملے کیے ہیں۔ دونوں ملک ایک دوسرے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگا رہے ہیں۔

تھائی فوج کے مطابق، کمبوڈین دستوں نے اوبون رتچاتھانی صوبے کے نام یوئن ضلع کے چونگ بوک علاقے میں متعدد مقامات پر پہلے فائرنگ کی، جس میں ایک تھائی فوجی ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔ فوج نے بتایا کہ شہریوں کے انخلا کی کارروائی بھی جاری ہے، اور انخلاء کے دوران ایک بیمار شہری کی موت کی اطلاع ہے۔ فوج نے تصدیق کی کہ اب تھائی فضائیہ نے ’’متعدد علاقوں میں کمبوڈین فوجی ٹھکانوں پر حملے شروع کر دیے ہیں‘‘۔

کمبوڈیا کی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تھائی فوج نے علی الصبح دو مختلف مقامات پر حملے کیے، جبکہ کمبوڈین فوج نے کئی روز سے جاری اشتعال انگیزی کے باوجود جوابی کارروائی نہیں کی۔

کمبوڈیا کے ساتھ جھڑپیں، تھائی لینڈ کے 8 سرحدی اضلاع میں مارشل لا نافذ

تھائی فوج کا کہنا ہے کہ کمبوڈیا نے بی ایم 21 راکٹ داغے جو تھائی شہری آبادی کی سمت فائر کیے گئے، تاہم کسی شہری جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

واضح رہے کہ جولائی میں یہ سرحدی تنازع پانچ روزہ جنگ میں بدل گیا تھا، جس میں کم از کم 48 افراد ہلاک اور تین لاکھ افراد کو عارضی طور پر نقل مکانی کرنا پڑی تھی۔ اس دوران دونوں ملکوں نے راکٹ اور بھاری توپ خانے کا استعمال کیا۔

بعد ازاں ملائیشیا کے وزیرِ اعظم انور ابراہیم اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں جنگ بندی معاہدہ ہوا، جس پر اکتوبر میں کوالالمپور میں دستخط کیے گئے۔

تھائی لینڈ: سیلاب کے باعث ہونے والی اموات 162 تک پہنچ گئیں

گزشتہ ماہ بارودی سرنگ کے دھماکے میں تھائی فوجی کے شدید زخمی ہونے کے بعد تھائی لینڈ نے اس جنگ بندی کے نفاذ کو معطل کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

کمبوڈیا کے سابق بااثر رہنما ہن سین، جو موجودہ وزیرِ اعظم ہن مانیت کے والد ہیں، نے الزام لگایا کہ ’’تھائی فوج جان بوجھ کر اشتعال انگیزی کر رہی ہے‘‘ اور کمبوڈین فورسز کو سختی سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی۔

تھائی فوج کے مطابق سرحدی خطے کے چار اضلاع سے 3 لاکھ 85 ہزار سے زائد شہریوں کا انخلا جاری ہے، جن میں سے لگ بھگ 35 ہزار افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کیا جا چکا ہے۔

ایک صدی پرانا تنازع

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان 817 کلومیٹر طویل سرحد کے کئی حصے آج تک غیر واضح ہیں۔ یہ نقشہ بندی 1907 میں فرانسیسی نوآبادیاتی دور میں کی گئی تھی۔ سرحدی اختلافات وقتاً فوقتاً پرتشدد جھڑپوں کی شکل اختیار کر لیتے ہیں، جیسا کہ 2011 میں ایک ہفتے تک جاری رہنے والی گولہ باری۔

تازہ جھڑپوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ ماحول میں ایک بار پھر شدت آ گئی ہے اور دونوں ملک سرحد پر اضافی فوجی تعینات کر رہے ہیں۔

Similar Posts