اللہ کی مدد ہمیشہ مشکل سے پہلے آ جاتی ہے؛ منیب بٹ کا ایمان افروز بیان

ابھرتے ہوئے ہمہ جہت اداکار منیب بٹ کے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ پر کی گئی گفتگو نے مداحوں کو ان کے ایک نئے اور دلنشین پہلو سے روشناس کرا دیا۔

اداکار منیب بٹ نے بتایا کہ ان کا پورا خاندان مذہبی ہے، بالخصوص ان کی والدہ پنج وقتہ نمازی اور تہجد گزار بھی ہیں۔

منیب بٹ نے کہا کہ بچے کی پہلی درس گاہ ماں کی گود ہوتی ہے تو مجھے ایسی ایمان بھری گود ملی کہ جس نے میری روح تک کو سیراب کر رکھا ہے۔

منیب بٹ نے کہا کہ میں اور میرا خاندان کبھی اپنے مذہبی رجحانات اور نیک اعمال کی تشہیر نہیں کرتے کیوں کہ اللہ تو سب دیکھ رہا ہے اور نیت تک جانتا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اگر میں عبادت یا کسی نیک کام کی ویڈیو اپ لوڈ کرتا ہوں تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ کوئی ایک بھی شخص اسے دیکھ کر اچھے کام کی جانب مائل ہوگیا تو میرے لیے صدقہ جاریہ بن جائے گا۔

منیب بٹ نے کہا کہ لوگ پوچھتے ہیں اللہ کہاں ہے؟ میں کہتا ہوں اللہ کی مدد تو مشکل آنے سے پہلے پہنچ جاتی ہے۔

مداحوں نے اپنے پسندیدہ اداکار کے اس کھلے اور صاف گو مؤقف کو بے حد سراہا اور ان کے نیک کاموں کی قبولیت کی دعا کی۔

 

Similar Posts