کوئٹہ میں دفعہ 144 نافذ، موٹرسائیکل کی ڈبل سواری، اسلحے کی نمائش اور منہ ڈھانپنے پر پابندی

بلوچستان حکومت نے کوئٹہ میں امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر 22 دسمبر تک دفعہ 144 نافذ کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان نے کوئٹہ ضلع میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے مطابق ضلع بھر میں دفعہ 144 کے تحت 22 دسمبر تک پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

اعلامیے کے مطابق دفعہ 144 کے تحت اسلحہ کی نمائش و استعمال، موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی تاہم خواتین اور بچوں کا استثنیٰ ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق گاڑیوں پر سیاہ شیشوں کے استعمال پر سختی سے پابندی، بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکلوں کی نقل و حرکت، چار سے زائد افراد کے اجتماعات، جلوس، ریلیوں اور دھرنوں پر پابندی ہوگی۔

اس کے علاوہ عوامی مقامات پر چہرہ چھپانے کے لیے ماسک یا مفلر کے استعمال پر پابندی عائد  جبکہ تیزاب اور دھماکہ خیز مواد کی نقل و حمل بھی ممنوع ہوگی۔

محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 پر عملدرآمد کیلیے پولیس، لیویز اور ایف سی کو سخت کارروائی کے اختیارات دے دیے گئے، خلاف ورزی پر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت کاروائی ہوگی۔

محکمہ داخلہ نے ڈپٹی کمشنر کو پابندیوں کی رپورٹ روزانہ محکمہ داخلہ کو ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
 

Similar Posts