گوگل نے سال 2025 کے دوران پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کیے گئے ایتھلیٹس کی فہرست جاری کردی ہے۔ حیران کن طور پر اس لسٹ میں سرفہرست نام کسی پاکستانی نہیں بلکہ بھارتی کھلاڑی کا ہے۔
گوگل کی 2025 کی سرچ رپورٹ کے مطابق پاکستانیوں نے رواں سال جس کھلاڑی کو سب سے زیادہ تلاش کیا وہ بھارتی کرکٹر ابھشیک شرما تھے۔ ایشیا کپ 2025 میں ان کی شاندار بیٹنگ، خصوصاً پاکستان کے خلاف جارحانہ اننگز نے انہیں پاکستان میں سب سے زیادہ زیرِبحث کرکٹر بنادیا۔
پاکستانی کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کے باوجود شائقین کی دلچسپی سب سے زیادہ بھارتی اوپنر میں رہی۔ حیرت انگیز طور پر اس فہرست میں بابر اعظم، شاہین آفریدی یا محمد رضوان ٹاپ فائیو میں بھی شامل نہیں ہیں۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپنر اور نمبر ون ٹی ٹوئنٹی بیٹر ابھشیک شرما نے مختصر فارمیٹ میں سال بھر شاندار کارکردگی دکھائی اور ایشیا کپ 2025 میں 314 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے، ان کا اسٹرائیک ریٹ 200 تھا۔ پاکستان کے خلاف سپر فور مرحلے میں بھی انہوں نے صرف 39 گیندوں پر 74 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔
سال 2025 میں ابھشیک شرما نے 17 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 47.25 کی اوسط سے 756 رنز بنائے جن میں ایک سنچری بھی شامل ہے۔
اس فہرست میں دوسرے نمبر پر حسن نواز رہے جنہوں نے نیوزی لینڈ میں یادگار ڈیبیو ٹور کے دوران پہلے دو میچوں میں صفر پر آؤٹ ہونے کے باوجود بعدازاں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کا تیز ترین پاکستانی سنچری بنا کر شائقین کی توجہ حاصل کی۔
تیسرا نمبر عرفان خان نیازی کے حصے میں آیا، جنہوں نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2025 میں پاکستان شاہینز کی شاندار قیادت کرکے خود کو نمایاں کیا۔ چوتھے نمبر پر اوپنر صاحبزادہ فرحان رہے جنہوں نے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف دو متاثرکن نصف سنچریوں سمیت جارحانہ بیٹنگ سے بھرپور مقبولیت حاصل کی۔

فہرست میں پانچویں پوزیشن پر تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس رہے، جو ریڈ بال کرکٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی اور فارم میں واپسی کے باعث 2025 میں شائقین کی جانب سے مستقل سرچ کیے جاتے رہے۔
پاکستان میں کرکٹ سے متعلق سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات میں بھی حیران کن رجحان سامنے آیا ہے، جہاں ’پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقا‘ نے پاکستان سپر لیگ اور ایشیا کپ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔