وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ای رجسٹریشن ایپ کا باضابطہ افتتاح کیا، تقریب میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، سی او او نادرا سید عبدالسلام، اسپیشل سیکرٹری ارشد بیگ بھی موجود تھے۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا کہنا ہے کہ نادرا ڈیٹا سسٹم کے ساتھ لنک ہونے سے خودبخود وہاں اندراج ہو جائیگا، محکمہ بلدیات اور نادرا کے درمیان ای رجسٹریشن کا معاہدہ طے پایا تھا، چند ماہ میں منفرد ایپ تیار کر لی گئی جس سے سرٹیفیکیٹ بھی مل سکے گا۔
ذیشان رفیق نے کہا کہ یہ ایپ مریم نواز کے ڈیجیٹل پنجاب ویژن کا اہم سنگِ میل ہے، پنجاب جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ترقی یافتہ ممالک کے برابر چل رہا ہے۔ شادی، اموات، پیدائش، طلاق کا اندراج کرنے سے درست ڈیٹا جمع ہوگا۔
وزیر بلدیات نے مزید کہا کہ یہ سسٹم پنجاب بھر میں یونین کونسل کی سطح تک منسلک ہوگا، اکیسویں صدی آئی ٹی کی صدی ہے، ہر شعبہ ڈیجیٹائز ہو رہا ہے، نادرا کے تعاون پر شکرگزار ہیں، دورافتادہ علاقوں میں رجسٹریشن کیلئے موبائل سروس شروع کریں گے۔