پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے دیے گئے مارجن کو مسترد کرتے ہوئے ملک میں پمپس بند کرنے کا عندیہ دے دیا۔
چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبد السمیع خان کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت سے 8 فیصد مارجن مانگا تھا، اس مارجن کے بغیر کام کرنا ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے اگر ڈیلر مارجن 8 فیصد نہ کیا تو پمپس بند کر دیں گے۔
چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کو 10 دن کا وقت دے رہے ہیں اور 10 دن بعد ڈیلرز اپنی کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرکے حتمی فیصلے کا اعلان کریں گے۔
عبد السمیع خان نے کہا کہ اس وقت ڈیلرز کا مارجن 3.12 فیصد ہے، حکومت مارجن 8فیصد بڑھانے کی تحریری یقین دہانی کروائے۔
چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ حکومت چاہے تو 8فیصد قسطوں میں بڑھا کر دے دے۔