عالمی جریدے PEOPLE کو دیے گئے ایک انٹرویو میں 57 سالہ فلم ساز شان لیوی نے بتایا کہ سیریز کے اختتام سے ناظرین کو دو بڑی چیزیں ملیں گی۔ ان کے مطابق ایک تو فائنل اتنا مضبوط اور متاثر کن ہوگا کہ ناظرین مطمئن ہو جائیں گے، اور دوسرا، برسوں سے جاری محبت کے مثلثی معاملے کا بھی حتمی فیصلہ سامنے آجائے گا۔
شان لیوی نے کہا کہ نینسی ویلر (نتالیہ ڈائر)، اسٹیو ہیرنگٹن (جو کیری) اور جوناتھن بائرز (چارلی ہیٹن) کے درمیان چلنے والی کشمکش آخرکار اپنے انجام کو پہنچے گی۔ ان کے الفاظ میں،
’’یہ ایسا فائنل ہوگا جو میری زندگی میں دیکھے گئے بہترین ٹی وی فائنلز میں شمار ہوگا، اور ’جینسی‘ اور ’اسٹینسی‘ کے تنازعے کو بھی مکمل حل مل جائے گا۔‘‘
پروڈیوسر کے مطابق ’اسٹرینجر تھنگز‘ کی غیر معمولی کامیابی کی اصل وجہ صرف 80 کی دہائی کا ماحول، خوفناک مخلوقات یا موسیقی نہیں، بلکہ شاندار سنیما جیسی کہانی اور کرداروں کی ذاتی، جذباتی جدوجہد کا امتزاج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی بڑے اور چھوٹے جذبات کا ملاپ اس سیریز کا اصل جادو ہے۔
انٹرویو کے اختتام پر شان لیوی نے فائنل سیزن کی شوٹنگ کو ایک جذباتی سفر قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ پوری ٹیم کے لیے یہ تجربہ خوشی اور اداسی کا ملا جلا احساس تھا، کیونکہ سب جانتے تھے کہ یہ ایک خاص سفر اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے۔
شان لیوی کے مطابق ’’ہم جانتے تھے کہ یہ رشتے ہمیشہ رہیں گے، لیکن یہ بھی حقیقت تھی کہ کہانی ختم ہونے والی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مسکراہٹ کے ساتھ آنکھوں میں آنسو والا احساس پورے سال ہمارے ساتھ رہا۔‘‘
واضح رہے کہ ’اسٹرینجر تھنگز‘ سیزن 5، والیم 2 کی ریلیز 25 دسمبر کو ہوگی، جب کہ سیریز کا آخری ایپی سوڈ 31 دسمبر، نئے سال کی شام نشر کیا جائے گا۔