تجاوزات کے خلاف مبینہ کارروائی اس وقت سنسنی خیز رخ اختیار کرگئی جب بلدیاتی اہلکاروں کی جانب سے کیبن اٹھانے کی کوشش پر مالک نے طیش میں آکر اپنے ہی کیبن کو آگ لگا دی۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس نے شہریوں میں تشویش اور سوالات کو جنم دے دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق نجی یونیورسٹی اسپتال کے سامنے قائم کیبن کو جب بلدیاتی عملہ ہٹانے لگا تو کیبن مالک مشتعل ہوگیا اور پولیس و بلدیاتی اہلکاروں کے سامنے ہی کیبن کو آگ کے حوالے کردیا۔
وائرل فوٹیج میں ایک پولیس اہلکار کو باریش کیبن مالک کو قابو میں کرکے اپنے ہمراہ لے جانے کی کوشش کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
واقعہ نیرون کوٹ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کی حدود میں پیش آیا تاہم ٹاؤن چیئرمین منٹھار جتوئی کا کہنا ہے کہ کارروائی ٹاؤن انتظامیہ کے بجائے بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے عملے نے کی۔
ٹاؤن چیئرمین کے مطابق انہیں بھی اس واقعے کی اطلاع سوشل میڈیا کے ذریعے ملی۔