سڈنی حملہ: آسٹریلوی اداروں کا تفتیش کے لیے بھارتی حکام سے رابطہ

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات میں مزید پیش رفت سامنے آئی ہے، آسٹریلوی تحقیقاتی اداروں نے باضابطہ طور پر بھارتی حکومت سے رابطہ کر کے معلومات حاصل کرنا شروع کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق آسٹریلوی حکام نے اس حملے میں ملوث افراد کے پس منظر اور ممکنہ روابط کے حوالے سے بھارتی حکام سے سوالات کیے ہیں تاکہ حقائق کو واضح کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ 14 دسمبر کو سڈنی میں ہونے والے اس حملے کے بعد ابتدائی طور پر مختلف بین الاقوامی میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر حملہ آوروں کے پس منظر سے متعلق مختلف دعوے سامنے آئے تھے۔ بعض رپورٹس میں واقعے کو پاکستان سے جوڑنے کی کوشش بھی کی گئی، تاہم بعد ازاں تحقیقات اور سامنے آنے والی معلومات کے بعد یہ دعوے متنازع قرار دیے گئے۔ حملے میں ملوث ایک شخص کے قریبی دوست نے بیان دیا کہ نوید اکرم نامی حملہ آور کا تعلق بھارت سے ہے، اس کے والد بھارتی نژاد تھے جبکہ والدہ اطالوی پس منظر رکھتی تھیں۔

پاکستانی حکام اور ریکارڈ کے مطابق سوشل میڈیا پر جس شخص کو شیخ نوید کے نام سے دہشت گرد قرار دیا جا رہا تھا، وہ دراصل نوید اکرم نہیں تھا۔ بعد میں خود شیخ نوید نے بھی سوشل میڈیا پر بیان جاری کر کے ان الزامات کو مسترد کیا اور کہا کہ گمراہ کن مہم کے باعث ان کی جان کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ اُن کے مطابق غلط معلومات پھیلانے سے نہ صرف ان کی ساکھ متاثر ہوئی بلکہ انہیں سیکیورٹی خدشات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

آسٹریلوی پولیس کے مطابق سڈنی میں یہ دہشت گرد حملہ ایک ساحلی علاقے بونڈائی بیچ پر یہودیوں کی ایک تقریب کے دوران کیا گیا، جہاں دو حملہ آوروں نے فائرنگ کی۔ پولیس نے بتایا کہ حملہ آور باپ اور بیٹا تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں پچاس سالہ باپ موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ چوبیس سالہ بیٹے کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ ہلاک ہونے والے حملہ آور کی شناخت ساجد اکرم کے نام سے ہوئی ہے جبکہ نوید اکرم سے تفتیش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق ساجد اکرم کے پاس گزشتہ دس برس سے اسلحے کا لائسنس موجود تھا اور وہ ایک گن کلب کا رکن بھی تھا۔ اس کے قبضے سے چھ ہتھیار برآمد کیے گئے جبکہ جائے وقوعہ کے قریب سے دو دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد بھی ملے ہیں۔

آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں مرنے والوں کی تعداد سولہ ہو چکی ہے جبکہ چالیس سے زائد افراد زخمی ہیں، جن میں سے چھ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد ملک بھر میں ایک روزہ قومی سوگ منایا گیا اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ابتدائی شواہد سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزمان نے شدت پسند تنظیم داعش سے وفاداری کا عہد کیا تھا اور ان کی گاڑی سے داعش کے جھنڈے بھی برآمد ہوئے ہیں، اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے سڈنی کے واقعے کو ملکی تاریخ کا ایک سیاہ دن قرار دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہتھیاروں سے متعلق قوانین کو مزید سخت کیا جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گن لائسنس ہمیشہ کے لیے نہیں ہونے چاہئیں اور اس واقعے کے بعد حکومت ہر ضروری اقدام اٹھانے کے لیے تیار ہے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔

اسی واقعے کے دوران ایک شہری احمد الاحمد کی بہادری بھی منظر عام پر آئی، جنہوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایک مسلح حملہ آور کو قابو کرنے کی کوشش کی اور کئی قیمتی جانیں بچانے میں کردار ادا کیا۔

احمد خود بھی فائرنگ کے دوران زخمی ہوئے، تاہم ان کے اس اقدام کو آسٹریلوی عوام، حکومت اور عالمی میڈیا نے سراہا۔

نیو ساؤتھ ویلز کے وزیر اعلیٰ نے ان کی جرات کو غیر معمولی قرار دیا جبکہ عوام کی جانب سے ان کے لیے مالی امداد بھی جمع کی گئی۔

امریکی ریاست لاس اینجلس میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام

حکام کے مطابق سڈنی دہشت گردی واقعے کی تحقیقات مختلف پہلوؤں سے جاری ہیں اور واقعے کے محرکات، پس منظر اور بین الاقوامی روابط کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مکمل حقائق عوام کے سامنے لائے جا سکیں۔

Similar Posts