شاہ رخ خان سے موازنہ میرے لیے اعزاز ہے، وہ ایک غیر معمولی فنکار ہیں: آریان خان
بولی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے والد سے اپنے موازنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے لیے شاہ رخ خان جیسی بڑی شخصیت سے موازنہ ہونا اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے والد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک غیر معمولی فنکار ہیں۔
ایک انٹرویو میں آریان خان نے اپنے والد کی بے پناہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں اپنے کام میں بے مثال اور انتہائی طاقتور فنکار قرار دیا، جبکہ اپنی ہدایت کاری اور آنے والے منصوبوں کے بارے میں بھی کھل کر گفتگو کی۔
حال ہی میں آریان خان کو ٹائم میگزین کی پہلی ٹائم ہنڈریڈ نیکسٹ انڈیا 2026 کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے، جو کاروبار، شوبز، سائنس اور کھیل سمیت مختلف شعبوں میں ابھرتی ہوئی باصلاحیت شخصیات کا اعتراف کرتی ہے۔
انٹرویو کے دوران شاہ رخ خان سے مشابہت اور موازنے کے سوال پر آریان نے کہا کہ لوگ اکثر ان کا موازنہ شاہ رخ خان سے کرتے ہیں، لیکن انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں بلکہ وہ اسے اپنے لیے خوش قسمتی سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان اپنے کام میں سب سے آگے ہیں اور ان جیسی شخصیت سے موازنہ ہونا قابلِ فخر بات ہے۔
آریان خان نے بتایا کہ انہیں نئے خیالات کو عملی شکل دینا پسند ہے۔ وہ کسی کہانی کو لکھنے سے لے کر اسے پردے پر پیش کرنے تک کے تمام مراحل میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
آریان ان دنوں اپنی مقبول نیٹ فلکس سیریز دی بیسٹرڈز آف بالی ووڈ کے دوسرے سیزن پر کام کر رہے ہیں۔ فلم سازی کے انداز کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ کہانیاں عموماً ایک جیسی ہی ہوتی ہیں، لیکن اصل فن یہ ہے کہ آپ اس کہانی کو کس منفرد انداز میں پیش کرتے ہیں اور اس میں کیا نیا پن پیدا کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ آریان خان نے بطور ہدایت کار اپنے کیریئر کا آغاز سات اقساط پر مشتمل طنزیہ سیریز دی بیڈز آف بولی ووڈ سے کیا تھا، جسے ناظرین اور ناقدین کی جانب سے خوب سراہا گیا۔
انڈین فلم انڈسٹری کے پس پردہ معاملات اور دلچسپ پہلوؤں کو اجاگر کرنے والی اس سیریز میں لکشیا، بوبی دیول، سحر بامبا، راگھو جوئیل، مونا سنگھ اور منوج پاہوا سمیت کئی اداکاروں نے کام کیا ہے۔
سیریز کی کہانی ایک ایسے نوجوان اداکار آسمان سنگھ کے گرد گھومتی ہے جو اپنے قریبی دوست اور مینیجر کے ساتھ مل کر فلمی دنیا میں نام کمانے اور شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے کی جدوجہد کرتا ہے۔